Anti-Smuggling

اے ایس اوکا چھاپہ ،کروڑوں روپے کی چھالیہ برآمد،مالک گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ کسٹمز کی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں ایک گودام میں چھاپہ مارکر کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ برآمد کرکے گودام کے مالک کو گرفتار کرلیا ہے۔یہ بات کلکٹر کسٹم پریونٹو ڈاکٹرافتخار احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔انہوںنے بتایا کہ ڈپٹی کلکٹر اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن محمدفیصل کی سربراہی میں ٹیم نے سائٹ ایریا کے علاقے میں پلاٹ نمبر B-9میں بنے ایک گودام پر چھاپہ مارا اور وہاں سے 23ٹن خام مال اور 25ٹن پیکنگ میں موجود چھالیہ برآمد کرلی۔پکڑی گئی چھالیہ کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے۔گودام کے مالک شیخ عامر کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔انہوںنے بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران 7سے زائد بڑے آپریشنز میں 500 ٹن سے زائد اسمگل شدہ چھالیہ پکڑی گئی ہے۔گزشتہ سال چھالیہ کی درآمد پر سرٹیفکیٹ کی شرائط لاگو ہوئی ہیں اور اس کی درآمد پر سختی کی گئی ہے جس کی وجہ سے چھالیہ کی اسمگلنگ میں اضافہ ہوگیا ہے اور مختلف راستوں سے چھالیہ پاکستان لائی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ محکمہ کسٹم اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے انتہائی متحرک کردار ادا کررہا ہے۔اس سال 10لاکھ 64ہزار لٹر سے زائد ڈیزل کو تحویل میں لیا گیا ہے جس سے قومی خزانے کو بڑے نقصان بچایا گیا۔44مختلف برانڈ کی لگڑری گاڑیوں سمیت 1.3ارب روپے کی متفرق اشیا ءکو ضبط کیا گیا۔اس کے علاوہ 8ہزار 566کلو گرام منشیات ،79ہزار 572بوتلیں شراب بھی مختلف آپریشنز میں پکڑی گئیں۔موبائل فونز کی اسمگلنگ اور ڈیوٹی بچانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ مختلف کارروائیوں میں 63ہزار 500سے زائد موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔2بڑے آپریشنز میں 5ٹن سے زائد چرس بھی پکڑی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے شہر کے کچھ علاقوں کی نشاندہی کی ہے جہاں اسمگل شدہ سامان کو چھپایا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کام کررہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button