Eham Khabar

ایف بی آر کا اینٹی اسمگلنگ کی کارروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کیش انعام میں شامل کرنے کی تجویز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے اسمگلنگ میں ضبط کئے جانے والے سامان پر کیش انعام دینے کی تجویز دی ہے۔ اس کے لئے ایف بی آر نے ایس آر او 1398(I)2021 جاری کیا ہے جس کے تحت کسٹمز ریوارڈ رولز 2021 میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے۔ ایف بی آر کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے جوکہ کسٹمز افسران کے شانہ بشانہ اسمگلنگ کی روک تھام میں پیش پیش ہیں، ان کے لئے بھی کیش انعام ہونا چاہئے۔ موجودہ قانون کے مطابق کسٹمز حکام اور انفارمر اس نقد انعام کے مستحق ہیں۔ ایف بی آر نے تجویز دی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو بھی اسمگلنگ کے سامان کی ضبطگی میں کیش انعام کے لئے شامل کیا جانا چاہئے۔ ایف بی آر کے مطابق ان جوانوں کا اینٹی اسمگلنگ کی کارروائیوں میں اہم کردار ہے۔ قانون کے مطابق اگر ڈیوٹی اور ٹیکسز کی چوری میں پانچ لاکھ سے زائد کی رقم موصول کی جاتی ہے تو اس پر کیش انعام 20 فیصد ہے۔ اسی طرح اگر ڈیوٹی اور ٹیکسز کی وصولی 5 لاکھ سے 10 لاکھ کے درمیان ہے تو انعامی رقم ایک لاکھ اور ڈیوٹی اور ٹیکسز کا دس فیصد ہے جوکہ 5 لاکھ کی رقم سے زائد پر ہوگا۔ اگر ڈیوٹی اور ٹیکسز کی وصولی 10 لاکھ سے زائد ہے تو ایک لاکھ 50 ہزار کی رقم اور 10 لاکھ سے زائد کی رقم پر 5 فیصد کی شرح سے کیش انعام دیا جاتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button