Eham Khabar

ٹیکس ریونیو میں بڑا شاٹ فال، نئے چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ٹیکس ریونیو کے بڑے شاٹ فال کے باعث حکومت نے اصولی طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کا فیصلہ کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطا بق ٹیکس گروپس سے 5 سینئر افسران اس اعلیٰ عہدے کے لیے دوڑ میں شامل ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی غیرمعینہ مدت کے لیے طبی چھٹیوں پر ہیں۔ ایک طرف جہاں ایف بی آر میں اعلیٰ عہدے رکھنے والے سمجھتے ہیں کہ بورڈ میں اعلیٰ عہدوں پر افسران کے تقرر میں تاخیر ٹیکس ڈیپارٹمنٹ میں غیریقینی صورتحال کی وجہ ہے جس سے روزانہ کی بنیادوں پر ریونیو کم ہورہا۔وہیں دوسری جانب ایف بی آر کے نئے سربراہ کی تعیناتی پر غور کے لیے جو نام وزیراعظم سیکرٹریٹ میں گھوم رہے ہیں ان میں دو افسران ان لینڈ ریونیو سروسز (آئی آر ایس) اور 3 کسٹمز گروپ (سی جی) سے ہیں۔ اعلیٰ عہدے کے لیے آئی آر ایس سے طارق محمود پاشا جو اس وقت سیکریٹری کشمیر امور اور گلگت بلتستان ہیں ان کا نام زیرغور ہیں جبکہ قائم مقام چیئرمین اور رکن کسٹمز نوشین امجد ایک اور ممکنہ امیدوار ہیں۔کسٹمز کی طرف سے ممکنہ امیدواروں میں ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس زاہد کھوکھر، ممبر کسٹمرز پالیسی جاوید غنی اور ایڈیشنل سیکریٹری فنانس احمد مجتبیٰ میمن کا نام بھی زیر غور ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں موجود ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو (مالیات) کے لیے ہارون اختر کی تعیناتی کو تقریباً حتمی شکل دے دی ہے اور آئندہ کچھ روز میں اس کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے نئے آنے والے مشیرمالیات کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ خراب شہرت رکھنے والے تمام افسران کو قابل اور دیانتدار افسران سے تبدیل کریں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ہارون اختر کے تقرر کے بعد آئی آر ایس اور کسٹمز گروپ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کا امکان ہے، ساتھ ہی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم ایف بی آر میں کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button