Eham Khabar

بزنس کمیونٹی کا منی بجٹ پر شدید تنقید

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بزنس کمیونٹی نے منی بجٹ پیش کئے جانے پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگا اور دوسری جانب معیشت بھی سست روی کا شکار ہوجائے گی۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے ایک اعلامیہ میں کہا کہ حکومت نے بزنس کمیونٹی سے منی بجٹ پیش کرنے کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں کی ہے۔ اگر وہ اس حوالے سے کوئی بات کرتے تو بزنس کمیونٹی نئے ٹیکسز کے نفاذ کے بجائے دوسرا راستہ بتاتی۔ عرفان شیخ کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں پہلے ہی گیس اور بجلی کے ٹیرف کی وجہ سے شدید غصہ ہے۔ دوسری جانب نئے ٹیکسز عائد ہونے سے ان کے غصے میں بھی مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹری کوبجلی اور گیس دی جانے والی مراعات روکنے کی وجہ سے معیشت مزید سست ہوجائے گی۔ عرفان شیخ کا کہنا تھا کہ اگر ایکسپورٹ اسی طرح متاثر ہوتی رہی تو ملک میں ڈالرز کی مزید کمی ہوگی۔ حکومت کو ایکسپورٹرز کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے کیونکہ وہ معیشت کے ہیرو ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر کا کہنا تھا کہ حکومت امپورٹ کا متبادل ڈھونڈے اور ایکسپورٹ کو سہولیات دے کیونکہ اس کے بغیر ملک نہیں چل سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button