کسٹمزانفورسمنٹ کراچی کا اسمگلنگ کےخلاف کریک ڈاﺅن آپریشن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت پاکستان کی اسمگلنگ کے خلاف سخت پالیسی اور کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی انسداد اسمگلنگ کے لئے روزانہ کی بنیاد پر جاری کوششوں کے باعث انفورسمنٹ کلکٹریٹ کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے شہر بھر میں انسداد اسمگلنگ کے لئے بھرپور کارروائیوں کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی چھالیہ اورایرانی ڈیزل ضبط کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق کلکٹرانفورسمنٹ باسط مقصودعباسی کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ اور ملٹری انٹیلی جنس ونگ نے مشترکہ کامیاب آپریشن کے نتیجہ میں ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ محمد رضا نقوی کی سربراہی میں آرسی ڈی ہائی وے پر موچکہ کے قریب قائم رئیس پیٹرولیم پر چھاپہ مارکر 11000لیٹر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل اور ایک ڈمپر تحویل میں لے لیاہے ڈیزل کی مالیت 30لاکھ اورڈمپرکی مالیت ایک کروڑبتائی گئی ہے،جبکہ ایک اورکارروائی میں گلشن معمار میں قائم غیر قانونی ڈمپنگ پوائنٹس پر چھاپہ مارکر اسمگلڈ شدہ 15400 لٹرز ایرانی ڈیزل تحویل میں لے گیاہے جس کی مالیت45لاکھ روپے ہے ،ضبط شدہ ایرانی ڈیزل اور ڈمپر کو اے ایس او کے گودام منتقل کر دیا گیا ہے،علاوہ ازیں گزشتہ روز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ بلوچستان سے کرش اسٹون کی آڑ میں مضر صحت اسمگلڈ چھالیہ کراچی منتقل کرنے کی کوشش کی جائیگی اس اطلاع پر انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کی اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ کو اس ممکنہ اسمگلنگ کو ناکام بنانے کی ہدایت جاری کیں اور خصوصی طور پراے ایس او کی چیک پوسٹس پر تعینات عملے کو پہلے سے زیادہ مستعد رہنے اور بلوچستان سے آنے والے کرش اسٹون کے ڈمپر ٹرکس کی مکمل تلاشی اور چیکنگ کے احکامات دیئے گئے جس پراے ایس او کی ہمدرد چیک پوسٹ پر تعینات عملے نے بلوچستان سے آنے والے ڈمپر ٹرک جس پر کرش اسٹون لدا ھوا تھا ڈمپرکو روک کر تلاشی لی توپرلدلے کرش کے نیچے چھپائے گئے اسمگلڈ مضر صحت چھالیہ کے 720 بیگز برآمد ہوئے جن کا کل وزن 7200 کلو گرام ہے ،برآمد ہونے والی چھالیہ کی مالیت 72 لاکھ روپے ہے جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے ڈمپرکی مالیت ایک کروڑروپے بتائی گئی ہے۔ محکمہ کسٹمزنے کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے