انفورسمنٹ کراچی، چرس کی بھاری مقداراسمگل کرنے کی کوشش ناکام

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت پاکستان کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی تعمیل وہدایات کی روشنی میں انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کی انسداد اسمگلنگ کارراوایوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے ۔کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ، کراچی کے انسداد اسمگلنگ آرگنائزیشن نے کراچی شہر میں ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے مالیت کی چرس اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی معین الدین وانی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ ممکنہ طور پر بلوچستان سے بذریعہ کار چرس کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔اس اطلاع پر کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ معین الدین وانی نے ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی باسط حسین کو اس ممکنہ اسمگلنگ کے تدارک کے احکامات جاری کئے۔ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ باسط حسین نے ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اے ایس او سید محمد رضا نقوی کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تاکہ اس ممکنہ چرس کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا جاسکے۔ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن سید محمد رضا نقوی نے آرسی ڈی ہائی وے،ناردرن بائی پاس اور سپر ہائی وے پر قائم کسٹمز چیک پوسٹس پر تعینات عملہ اور کچے علاقوں میں اے ایس او کے پٹرولنگ اسٹاف کو بلوچستان سے آنے والی گاڑیوں کی نقل و حمل پر نظر رکھنے اور مشکوک گاڑیوں کی تلاشی کے احکامات جاری کئے۔ کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ، کراچی اے ایس او خصوصی پٹرولنگ اسکواڈ نے نادرن بائی پاس کے کچہ علاقہ میں ایک مشکوک ٹویوٹا کرولا کار رجسٹریشن نمبر BMS-188کو چیکنگ کے لئے روکنے کا اشارہ کیا جس پر کار میں سوار ڈرائیور نے گاڑی کو روکنے کے بجائے رفتار تیز کر دی جس پر موبائل پٹرولنگ اسکواڈ نے ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ سید محمد رضا نقوی کو اس بارے میں آگاہ کیا جنہوں نے ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ رابیل کھوکر کو اس گاڑی کو سپر ہائی وے پر چیک پوسٹ پر تعینات عملہ سے اس مشکوک گاڑی کو روکنے کے لئے مدد طلب کی ڈپٹی کلکٹر رابیل کھوکر کے احکامات پر سپر ہائی وے چیک پوسٹ پر تعینات عملہ نے بھی سپر ہائی وے سے متصل کچے علاقہ میں کار کی تلاش شروع کی کار ڈرائیور نے تعاقب میں آنے والی کسٹمز اے ایس او کی موبائل سے بچنے کے لئے کار کو سپرہائی وے چیک پوسٹ سے کچھ پہلے گاڑی کو روک کر راہ فرار اختیار کی۔تعاقب میں آنے والے کسٹمز اے ایس او کے عملہ اور سپر ہائی وے چیک پوسٹ کے موبائل اسکواڈ نے گاڑی کو اپنی تحویل میں لے کر گاڑی کی سرسری تلاشی لی تو گاڑی کی ڈگی میں پولی پروپلین بیگ میں چرس کی نشاندہی ہوئی جس پر ٹویوٹا کرولا کو سپرہائی وے چیک پوسٹ پر لاکر تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی جس کے نتیجہ میں کار کی ڈگی میں موجود 4 عدد پلاسٹک بیگز سے ایک کروڑ40لاکھ مالیت کی مجموعی طور پر84.5کلوگرام چرس برآمدہوئی جس کو کسٹمز کے عملے نے 50لاکھ روپے مالیت کی گاڑی سمیت اپنے قبضہ میں لے کر ضبط کیا ۔ضبط شدہ گاڑی کے موٹر رجسٹریشن کارڈ پر درج معلومات کی روشنی میں گاڑی کے مالک کے خلاف کسٹمز/نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے فرار ملزم کو گرفتار کرنے کی کوششیں کی جاری ہیں۔ضبط شدہ چرس اور گاڑی کی کل مالیت ایک کروڑ92لاکھ روپے بتائی گئی ہے جیسے چرس اور گاڑی کو اے ایس او کے گودام منتقل کر دیا گیاہے۔ کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی معین الدین وانی نے عملہ کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل میں بھی ملک کو منشیات سے پاک کرنے اور اسمگلنگ کے تدارک کیلئے برسرپیکار رہے کی ہدایت کی