ریلوے فعال نہ ہونے سے پشاور سے برآمدات بذریعہ ٹرین ختم ہوگئی ہے،ضیاءالحق سرحدی
پشاور(اسٹاف رپورٹر)فرنٹیئر کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر ضیاءالحق سرحدی نے پانچ رکنی وفدکے ساتھ کلکٹرپشاورسے ملاقات کی اورانہوں پشاورکلکٹریٹ اپریزمنٹ میں تعیناتی اورعہدہ سنبھالنے پر مبارک بادپیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر خالد شہزاد،نائب صدر امتیاز احمد علی، سیکرٹری جنرل میاں وحید شاہ باچہ اور ایگزیکٹیو ممبر حاجی محمد عظیم موجودتھے۔ضیاءالحق سرحدی نے کلکٹر کسٹم اپریزمنٹ اشفاق احمدکو طورخم، غلام خان، خرلاچی اور انگور اڈا کسٹم اسٹیشن، اضاخیل ڈرائی پورٹ اور پشاور ایئر پورٹ پر امپورٹ، ایکسپورٹ سمیت افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلقہ مسائل پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ اضاخیل ڈرائی پورٹ پر گزشتہ 15سالوں سے پاکستان ریلوے فعال نہ ہونے کی وجہ سے پشاور سے ایکسپورٹ کا عمل بذریعہ ریلوے ٹرین ختم ہو کر رہ گیا ہے۔ضیاءالحق سرحدی نے بتایا کہ اضاخیل ڈرائی پورٹ کا گذشتہ3 سال قبل بڑے زور وشور سے ا فتتاح کیا تھا لیکن 3 سال سے زائد کاعرصہ گزرنے کے باوجود یہ ڈرائی پورٹ سے درست اندازمیں فعال نہ ہو سکا جبکہ سابق وزیر اعظم نے افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اضاخیل ڈرائی پورٹ سے ایکسپورٹ کارگو بذریعہ ٹرین کراچی جائے گی اور اسی طرح کراچی سے امپورٹ کارگو ،ری کنڈیشن ویکلزاور افغان ٹرانزٹ گڈز بھی کراچی سے ماضی کی طرح اضاخیل ڈرائی پورٹ پر آیا کریں گے،لیکن اس پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا۔اس موقع پرکلکٹر کسٹم اشفاق احمد نے امید ظاہر کی کہ وہ پشاور کسٹم ایجنٹس اور بزنس کمیونٹی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔کلکٹر کسٹم نے ضیاءالحق سرحدی کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔کلکٹرکسٹمز نے کہاکہ وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں اور انشاءاللہ ان کے حل کے لئے باہمی مشاورت سے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے ضیاءالحق سرحدی کی جانب سے پیش کردہ سفارشات سے مکمل اتفاق کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی سفارشات اور گزارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔آخر میں ضیاءالحق سرحدی نے وفد سے ان کی گزارشات پر ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی پر کلکٹر کسٹمز کا شکریہ ادا کیا