Breaking NewsEham Khabar

فیڈریشن انتخابات :بزنس مین پینل پروگریسیو کا نئے اتحاد کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں برسر اقتدار بزنس مین پینل پروگریسیو (بی ایم پی پی)کی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین بی ایم پی پروگریسیو ثاقب فیاض مگوں نے اہم امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ارکان کو آگاہ کیا کہ گزشتہ ہفتے لاہور میں ان کی الائنس پارٹنر یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے عہدے داروں سے ملاقات ہوئی جس میں انہیں یہ بتایا گیا کہ یو بی جی اور بی ایم پی انجم نثار گروپ جو کہ اس وقت اپوزیشن میں ہے دونوں کے درمیان آئندہ آنے والے فیڈریشن کے اتحاد کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے اور انجم نثار گروپ کی خواہش ہے کہ وہ یونائیٹڈ بزنس گروپ سے اتحاد کر لیں۔اس سلسلے میں بی ایم پی پروگریسیو کی رائے جاننا ضروری ہے کیونکہ ان کے بغیر اس اتحاد کا کوئی مقصد نہیں ہے اسی وجہ سے چیئرمین بزنس مین پینل پروگریسیو ثاقب فیاض مگوں نے اپنی کابینہ کا اجلاس طلب کیا تاکہ باہمی مشاورت سے اس کا فیصلہ کیا جاسکے۔اجلاس میں شریک تمام عہدیداروں کی متفقہ رائے سے یہ طے پایا کہ اس وقت ایف پی سی آئی کے منتخب نمائندوں کو سیاست سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔ الیکشن میں ابھی بہت وقت ہے اور فی الحال بزنس مین پینل پروگریسیو کسی نئے اتحاد کا حصہ بننے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔اجلاس میں ارکان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کی جو صورتحال ہے ہماری تمام توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ ہم ملک کی معاشی ترقی کے لیے کام کریں تاہم بزنس مین پینل پروگریسیو اپنی کور کمیٹی کا اجلاس ائندہ چند روز میں بلائے گا اور اس پر مزید تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے۔اجلاس میں پاکستان آرمی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور بھارت کی بزدلانہ کاروائیوں کی مذمت کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button