Anti-Smuggling

کسٹمزپریونٹیو، مختلف کاروائیوں میں 1.27ارب روپے مالیت کی 27.5کلوگرام منشیات ضبط کی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کسٹمز پریونٹیو کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت مختلف چھاپہ مار کاروائیوں میں 1.27ارب روپے مالیت کی 27.5کلوگرام منشیات برآمد کی۔ یہ بات کلکٹر کسٹمز پریونٹیو ثاقف سعید نے بدھ کو ایڈیشنل کلکٹر عمر شفیق اور اسسٹنٹ کلکٹر شفیع اللہ ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایاکہ پکڑی گئی منشیات کو مختلف ممالک کو اسمگل کیا جانا تھا۔محکمہ کسٹمزنے ایک ماہ کے دوران انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت سب سے بڑی کاروائی لائنز ایریا صدر کے ایک گودام پر کی گئی جہاں سے 59.4کروڑ روپے مالیت کی حشیش برآمد کی گئی جسے میکرونی کے گتے کے 24ڈبوں میں چھپایا گیا تھا۔ انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت ایک ماہ میں 27.5کلوگرام کرسٹل, 72 کلوگرام چرس, 66کلو گرام ہیروئین برآمد کی گئی اورچھاپہ مار کاروائیوں میں متعدد ملزمان کو گرفتار کیاگیا ہے۔محکمہ کسٹمز نے اصل سرغنوں تک پہنچنے کے لئے گرفتار ملزمان کے نام خفیہ رکھے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کسٹمز وئیرہاوس کیماڑی میں ہونیوالی چوری کی تحقیقات جاری ہے جبکہ کسٹمز وئیرہاوس میں چوری کی وارداتوں کی ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے جس میںاب تک تین کسٹمز اہلکاروں کو معطل کرکے تحقیقات کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسٹمز وئیرہاوسز میں چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے حفاظتی اقدامات بہتر کیے جارہے ہیں اورسیکورٹی کیمرے حفاظتی چوکیوں کی تعداد بڑھادی گئی ہے۔کسٹمز کوچھاپہ مار کاروائیوں کے لیے رینجرز اور پولیس کا تعاون حاصل ہے۔قانون نافذ کرنے اداروں کی مدد سے انسداد اسمگلنگ کی کاروائیوں سے مطلوبہ نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ پولیس کی ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس کے خلاف ایف آئی آر کا اعلی ترین سطح پر نوٹس لیاگیاہے اور وفاقی وزیر خزانہ براہ راست اس معاملے کودیکھ رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button