پارسل کے ذریعے ہونے والی منشیات کی اسمگلنگ ناکام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کلکٹریٹ نے پوسٹل پارسل کے ذریعے ہونے والی منشیات کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے منشیات کی اسمگلنگ میںملوث ملزم کی تلاش اوران کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کلکٹرجناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ عدیم خان کو خفیہ اطلاع ملی کہ پوسٹل پارسل کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر کلکٹرعدیم خان نے ایڈیشنل کلکٹرمحمدفیصل خان کی سربراہی میں بیرون ملک سے آنے والے پارسل کی سخت نگرانی کی ہدایات جاری کی تاہم ایڈیشنل کلکٹرمحمدفیصل خان نے جناح ایئرپورٹ کے میل آفس میں تعینات افسران وعملے کے ساتھ مل کر بنکاک ،تھائی لینڈسے ڈیفنس کے علاقے خیابان بدرکے پتہ پر بھیجے جانے والے پوسٹل پارسل کی جانچ پڑتال کی تو پارسل سے آدھاکلومنشیات برآمدہوئی جس کی مالیت 25لاکھ روپے بتائی گئی ہے منشیات تحویل میں لے کرملزمان کے خلا ف قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ اسمگلنگ میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔