درآمد ی وبرآمدی کنسائمنٹس سے سامان کی چوری کا سلسلہ روک نہ سکا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پورٹ قاسم اورکراچی پورٹ سے کلیئرہونے والے درآمدی وبرآمدی کنسائمنٹس سے سامان کی چوری کا سلسلہ اب بھی زوروشورسے جاری ہے اورچوری میں ملوث نیٹ ورک کی جانب سے چوری کی نشاندہی کرنے والوں کو کھلے عام دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ذرائع کے مطابق بھینس کالونی رزاق آبادمین روڈپر قائم گودام پر روزانہ کی بنیادپر درآمدی وبرآمدی کنسائمنٹس سے لاکھوں روپے مالیت کاسویابین ،چاول،تانبااوراسکریپ چوری کرکے مقامی مارکیٹ میں فروخت ہورہاہےلیکن اعلیٰ حکام اورقانون نافذکرنے والے ادارے آنکھوں بندکئے ہوئے ہیں ،ذرائع نے بتایاکہ دوتین روزقبل ہی انہوں نے اپنے گودام پر اسکریپ کے کنسائمنٹ سے سامان کی چوری کی اوراس کا وزن پتھروں کے ذریعہ پوراکرکے بھیج دیاگیا۔ذرائع کے مطابق بھینس کالونی رزاق آبادمین روڈپر قائم گودام ایک با اثرشخصیت کا ہے جس پرپولیس کی جانب سے مقدمات درج کئے ہوئے ہیں اورعدالت میں متعددکیس چل رہے ہیں لیکن اس نے اپنے کام کو نہیں روکااوردرآمدی وبرآمدی کنسائمنٹس سے سامان کی چوری کاسلسلہ جاری ہے ۔بھینس کالونی کا یہ بااثرروزانہ اپنے گودام پردرآمدی وبرآمدی کنسائمنٹس لاکھوں روپے کا چوری کرواتاہے ۔واضح رہے کہ ٹرک کے مالکان جن کاتذکرہ گذشتہ شائع ہونے والے خبروں میں کیاجاچکاہے کہ درآمدی وبرآمدی کنسائمنٹس سے سامان کی چوری میں کون کون سی گاڑیوں کے مالکان ملوث ہیں لیکن اب تک ان کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی جو ایک سوالیہ نشان ہے۔
Truck Drivers Stealing Goods from Import and Export consignments