Exclusive Reports

ائیرپورٹ پر مسافروں کی نقل و حمل کے لئے کنٹرول روم قائم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کسٹمز نے فضائی راستے انسداداسمگلنگ اور بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں اور ان کے بیگیج کی 100 فیصد اسکیننگ کے لیے جناح ٹرمینل میں ایک کنٹرول روم قائم کردیا ہے جس نے ائیرپورٹ کے مختلف حصوں میں نصب22 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ملک سے جانے اور آنے والے مسافروں کی نقل و حمل اور انکی فیس ریڈنگ کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ پریونٹیو نے انسداد اسمگلنگ کو100 فیصد یقینی بنانے کے لیے جناح ٹرمینل میں موبائل ا سکینرز کو بھی متحرک کردیا ہے۔ مذکورہ کنٹرول روم میں 24 گھنٹے کی مختلف شفٹوں میں مانیٹرنگ کے لیے زمہ دار کسٹمز افسران کو تعینات کیاگیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کھیپ مافیا نے کسٹمز پریونٹیو کلکٹریٹ کی سخت جانچ پڑتال ودیگر اقدامات کے تناظر میں اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے کئی متبادل طریقے اختیار کرتے ہوئے عمر رسیدہ بزرگ افراد اور خواتین کا استعمال بھی کیا لیکن انہیں فضائی راستے کھیپ لانے یا ملک سے کرنسی ودیگر اشیاءبیرون ملک لے جانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کسٹمز کی جناح ٹرمینل پر مسافروں کے سامان کی 100 فیصد اسکینگ پر کچھ فضائی کمپنیاں مخالفت بھی کررہی ہیں اور ان کا موقف ہے کہ مسافروں کے تمام سامان کی اسکینگ کے عمل سے ان کے عملے کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جناح ٹرمینل میں کسٹمز پریونٹیو کے سخت اقدامات کی بدولت گزشتہ 4 ماہ سے کھیپ کی شرح صفر ہوگئی ہے جبکہ ائیرپورٹ کے گراﺅنڈ ہینڈلرز اور کھیپ مافیا کی باہمی گٹھ جوڑ بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے کیونکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی راستے کھیپ کے کاروبار میں گراﺅنڈ ہینڈلنگ ایجنٹس کے ملوث ہونے کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔سخت مانیٹرنگ کی بدولت گزشتہ چھ ماہ کے دوران50 ملین روپے مالیت کا 1000 تولہ سونا، 5 لاکھ روپے مالیت کا 5 کلوگرام چاندی کے علاوہ موبائل فونز کی اسمگلنگ اورملک سے غیرملکی کرنسی لیجانے کی وارداتوں کو ناکام بنایا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button