ایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم کا غلط استعمال ، 64کروڑسے زائد مالیت کے ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ ایکسپورٹ کراچی نے ایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم کاغلط استعمال کرتے ہوئے 64کروڑ42لاکھ سے زائد مالیت کے ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری نشاندہی کرتے ہوئے ملزمان میں شامل میسرزاے کے برادرزکے مالک آصف انعام کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغازکردیاہے۔تفصیلات کے مطابق کلکٹرایکسپورٹ عرفان جاوید کو مصدقہ اطلاع موصولی کہ میسرزاے کے برادرزکی جانب سے ایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم کا ناجائزفائدہ اٹھاکر درآمدی سامان کو برآمدی کنسائمنٹ کی تیاری میںاستعمال کرنے کے بجائے مقامی مارکیٹ میں مہنگے داموں میں فروخت کیاجارہاہے جس پر کلکٹرایکسپورٹ رعرفان جاوید کی ہدایت پر ایکسپورٹ کلکٹریٹ میں تعینات افسران نے میسرزاے کے برادرزکی جانب سے ایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم کے تحت درآمدکئے جانے والے کنسائمنٹس کے ڈیٹاکی جانچ پڑتال کی تواس امرکی نشاندہی ہوئی کہ میسرزاے کے برادرزنے ایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم کے تحت کاٹن فیبرک ، پولیسٹرلیڈیزفیبرک، نیٹڈفیبرک، پائل فیبرکاکوٹہ الاٹ کیاگیاتھا۔ذرائع کے مطابق کلکٹرایکسپورٹ کی ہدایت ڈپٹی کلکٹرایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم ، پرنسپل اپریزراور اپریزنگ آفیسرپر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں یہ انکشاف ہوا کہ ایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم2021کے تحت درآمد کردہ کنسائمنٹس کا سامان مینوفیکچرنگ بانڈ سے غائب ہیں۔ استفسار پر ایک ملازم نے ایک خط حوالے کیا جس میں کہا گیا تھا کہ ای ایف ایس اسٹاک لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم، ای ایف ایس قوانین کے تحت یہ واضح ہے کہ صارف ان قوانین کے تحت اعلان کردہ مینوفیکچرنگ سہولت کے مطابق محکمہ کسٹمزکو اطلاع دیئے بغیرسامان ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل نہیں کرسکتااس لئے یہ فعل بد نیتی پر مبنی ہے ،جس پر محکمہ کسٹمزنے اسپیشل جج کسٹمز اینڈ ٹیکسیشن، کراچی میں فوری کیس کی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں نامزد ملزم آصف انعام ولد انعام الٰہی (میسرز اے کے برادرز کے مالک) کو مکمل نگرانی کے بعدگرفتارکرلیاگیاہے۔