Eham Khabar

پاکستان نے موبائل فون کی درآمد پر 179 ارب خرچ کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانیوں کی جانب سے بیرون ممالک سے مہنگے موبائل فونز درآمد کرنے کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ رواں مالی سال کے 11 ماہ (جولائی سے مئی) کے دوران گزشتہ برس کے اسی عرصے کی نسبت موبائل فونز کی درآمد میں 63.17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رواں مالی سال کے جولائی سے مئی کے عرصے میں 11 لاکھ 38 ہزار 641 ملین ڈالر کے موبائل فونز درآمد کیے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں 6 لاکھ 97 ہزار 813 ملین ڈالر کے موبائل فونزدرآمد کیے گئے۔ سالانہ بنیادوں پر مئی 2020ءمیں موبائل فونز کی درآمد مئی 2019ءکی نسبت 68.76 فیصد زائد رہی۔ مئی 2020 میں ایک لاکھ 11 ہزار 59 ملین ڈالر کے موبائل درآمد کیے گئے جبکہ مئی 2019 میں 65 ہزار 810 ملین ڈالر کے موبائل فونز درآمد کیے گئے۔ اس طرح مئی 2020 میں موبائل فونز کی درآمد اپریل 2019 کی 47 ہزار 619 کی درآمد سے 133.22 فیصد زائد ہے۔ اُدھر رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں ملک کا تجارتی خسارہ گزشتہ برس کے اسی عرصے کی نسبت 27.75 فیصد کم ہوا۔ مالی سال 2019-20 کے گیارہ ماہ میں ملکی برآمدات 6.85 فیصد کم ہوکر 19 ہزار 801 ارب ڈالر کی سطح پر آگئیں جبکہ گزشتہ برس کے اسی عرصے میں انکا مالی حجم 21 ہزار 256 ارب ڈالر تھا۔ ملکی درآمدات بھی مالی سال 2019-20 کے گیارہ ماہ میں 18.93 فیصد کم ہوکر 40 ہزار 866 ارب ڈالر ہوگئیں۔ مالی سال 2018-19 میں انکا حجم 50 ہزار 410 ارب ڈالر تھا۔ یوں رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں ملک کا تجاری خسارہ گزشتہ برس کے اسی عرصے کے 29 ہزار 154 ارب ڈالر سے کم ہوکر 21 ہزار 65 ارب ڈالر کی سطح پر آگیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button