سندھ ایکسائز ڈپارٹمنٹ غیر ضروری مطالبات ختم کرنے پررضامند
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے یقین دہانی کروائی ہے کہ آن لائن سسٹم آنے کے بعد تمام غیر ضروری مطالبات کو ختم کردے گا۔ یہ یقین دہانی ڈائریکٹر جنرل سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شعیب صدیقی نے آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ارکان کے ساتھ ایک میٹنگ میں کہی۔ شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کا محکمہ کرپشن اور جرائم کے خلاف ہے اور اگر کوئی بھی اس میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی کہ آن لائن ای پے منٹ شروع ہونے کے بعد مینویل سسٹم میں کئی مطالبات غیر ضروری ہوجائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سندھ حکومت کو اس سلسلے میں تجاویز بھیج رہے ہیں۔ شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ وہ 5 ہزار روپے تک کیش پے منٹ کی اجازت کررہے ہیں ،تاجر اس بارے میں ضرور ان اقدامات کی تعریف کریں گے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی اسٹینڈنگ کمیٹی آن کسٹمز کے چیئرمین ارشد جمال کا کہنا تھا کہ کسٹمز ایجنٹس ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اسٹیمپ ڈیوٹی وصولی میں لائی جانے والی اصلاحات کو سراہتے ہیں۔ ارشد جمال کا کہنا تھا کہ کئی غیر ضروری مطالبات کی وجہ سے ٹریڈ کو دشواری کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویبوک کے آن لائن سسٹم کی وجہ سے مینوئیل سسٹم تقریبا ختم ہوتا جارہا ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ باقی دوسرے ادارے بھی اس کے ساتھ اپنے سسٹم کو بہتر کرلیں۔ ارشد جمال کا کہنا تھا کہ ای پے منٹ سسٹم کی وجہ سے ٹریڈرز / امپورٹر اب 24 گھنٹے میں کسی بھی وقت پے منٹ کرسکتے ہیں۔ ایپکا کے چیئرمین قمر الاسلام نے بتایا کہ کچھ ملٹی نیشنل کمپنیوں نے پٹیشن فائل کررکھی ہے کہ اس پر ہائی کورٹ نے آرڈر کیا تھا کہ 50 فیصد بینک میں اور باقی 50 فیصد بینک گارنٹی کے تحت جمع کروادیں۔ لیکن گزشتہ ہفتہ کو ایکسائز اسٹاف نہ ہونے کی وجہ سے اس پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔ جس پر ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے وضاحت دی کہ وہ پرال اور نیشنل بینک کے ساتھ مل کر ٹریڈ کو سہولیات دینے کے لئے پرامید ہیں۔