تاجروں کے مسائل جلد حل کئے جائیں،محمد ساجد
کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریڈ اینڈ فیسی لٹیشن کے چیئرمین اشرف مئیا کی سربراہی میں پہلی منعقد کا انعقاد کیا گیا، اس میٹنگ کے مہمان خصوصی ایس ایم منیر، ایپکا سپریم کونسل کے چیئرمین ارشد جمال، چیئرمین ایپکا قمر عالم، وائس چیئرمین سینٹرل ایپکا محمد ساجد نے شرکت کی۔ محمد ساجد نے اپنے خطاب میں تاجروں کے مسائل پر روشنی ڈالی اور حکومت سے اپیل کی کہ تاجروں کے مسائل کئی سالوں سے زیر التوا ہیں جنہیں جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں، اگر موجودہ حکومت تاجروں کو ریلیف دیتی ہے تو تاجر پاکستان کے قرضے ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریڈ اینڈ فیسی لٹیشن کے چیئرمین اشرف مئیا نے کہا کہ تاجر برادری اس پلیٹ فارم کے ذریعہ اپنے مسائل اور خدشات حکومت اور اعلیٰ حکام تک پہنچاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری یکجہتی کا مظاہرہ کریں تو امید ہے کہ حکومت بھی ہمارے مسائل حل کرنے میں دلچسپی ظاہر کرے۔ اس موقع پر ایپکا سپریم کونسل کے چیئرمین ارشد جمال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اشرف مئیا کے موقف کی تائید کرتے ہوئے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔