Eham Khabar

حکومت کا سیلز ٹیکس ریفنڈز کو قرضوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت نے کاروباری حلقے کے سیلز ٹیکس ریفنڈز کی مد میں سالہا سال سے پھنسے اربوں روپے کی رقم کو قرضے کی صورت میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت مینوفیکچررز اور ایکسپورٹرز کے سیلز ٹیکس ریفنڈز کی براہ راست ادائیگی کے بجائے بانڈز کے اجراءکا اعلان کیا ہے۔ اس بانڈز/ سرٹیفکیٹ کی مالیت ایک لاکھ روپے تک ہوگی جس کی مدت 3 سال ہوگی جبکہ حکومت اس پر سالانہ 10 فیصد سود کی ادائیگی بھی کرے گی۔ وزیر خزانہ اسد عمر کے مطابق اس وقت ٹیکس دہندگان کی بھاری رقم ریفنڈز میں پھنسی ہوئی ہے جس کی وجہ سے کاروبار کو سرمایہ کی قلت کا سامنا ہے۔ یہ ریفنڈز ایک طویل عرصے میں جمع ہوئے ہیں۔ حکومت نے ان ریفنڈز کی ادائیگی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے نظام ادائیگی میں آٹومیشن کا کردار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ جہاں تک ماضی کے ریفنڈز کا تعلق ہے تو حکومت نے ان کی ادائیگی بانڈذ کے ذریعہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان بانڈز کی میچورٹی 3 سال ہوگی اور ان پر مناسب منافع دیاجائے گا۔ ریفنڈز کے دعویدار ان نوٹسز کو سیکورٹی مارکیٹ میں بیچ کر نقد رقم اکھٹا کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے ٹیکس قوانین میں مناسب ترمیم کی جارہی ہے تاکہ ان نوٹسز کے ذریعہ ریفنڈز کی ادائیگی ممکن ہوسکے۔

 

 

 

Sale Tax Refund

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button