معیاری اشیاءکی درآمد کو یقینی بنانے کیلئے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترمیم کردی گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزارت تجارت نے غیر ملکی کھانے پینے کی اشیاءکی درآمد کو روکنے میں قوانین میں تبدیلی کردی ہے۔ اس تبدیلی سے ملک کو نہ صرف بڑے پیمانے پر زرمبادلہ بچے گا بلکہ ملک میں آنے والی تقریبا ایکسپائرڈ غذائی اشیاءکی آمد بھی بند ہوجائے گی۔ وزارت تجارت نے اس سلسلے میں ایس آر او 659(I)2019 جاری کردیا ہے جس کے ذریعہ امپورٹ پالیسی آرڈر 2016 میں ترمیم کی گئی ہے۔ اس ترمیم کے مطابق اب امپورٹر وہ غذائی اشیاءکسٹمز سے کلیئر کرواسکتے ہیں جس کی شیلف لائف تقریبا 66 فیصد ہو۔ اس سے پہلے یہ رعایت تقریبا 50 فیصد تک تھی۔ اس ترمیم کے مطابق شہر کے بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز پر کھانے کی امپورٹڈ اشیاءزائد المیعاد نہیں ہوں گی۔ وزارت تجارت نے حالیہ دنوں میں یہ بھی پابندی لگائی تھی کہ امپورٹ ہونے والی اشیاءکے لئے حلال سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے جبکہ امپورٹر کو یہ بھی پابند کیا گیا ہے کہ ان اشیاءکی ایکسپائری تاریخ کو واضح طور پر تحریر کریں۔
Amendment in Import Policy Order to Import better Goods