منی لانڈرنگ روکنے کیلئے قوانین تیار،سونے اور رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ٹرانزکشن کی تفصیلات فراہم کریں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف بی آر نے جائیداد اور سونے کی خریداری میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لئے قوانین تیار کرلئے ہیں۔ ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002ءمیں ترمیم کا ڈرافٹ تیار کرلیا ہے۔ڈرافٹ رولز کے مطابق سونے کے تاجر اور رئیل اسٹیٹ ایجنٹس بالترتیب 10 لاکھ اور 20 لاکھ سے زائد ٹرانزکشن کی تفصیلات فراہم کریں گے۔ سونے کے تاجروں اور رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کے لئے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ خریدار کی معلومات ایک رجسٹر میں تحریر کریں۔ ان کے لئے یہ بھی لازمی قرار دیا جائے گا کہ وہ ہر ماہ ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس پورٹل پر یہ معلومات فراہم کریں۔ ڈرافٹ رولز کے مطابق سونے کے تاجروں اور رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایف بی آر کو ایسے افراد کی معلومات دیں گے جو مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام ہوں۔ ایف بی آر نے یہ رولز ایف اے ٹی ایف کی شرائط کے مطابق ڈرافٹ کئے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان اس وقت گرے لسٹ میں موجود ہے۔ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو وائٹ لسٹ میں آنے کے لئے ان شرائط کوپورا کرنالازمی ہے۔ فروری 2020ءمیں ایف اے ٹی ایف کی میٹنگ ہونے جارہی ہے جس میں پاکستان کے اسٹیٹس پر فیصلہ کیا جائے گا۔
New Law to Stop Money Laundering