خام مال کی درآمد پر ٹیکس استثنیٰ میں دشواری کا سامنا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کے آن لائن سسٹم میں ٹیکس استثنیٰ کے حوالے سے موجود خامیوں کی نشاندہی کردی ہے۔ کے ٹی بی اے نے ممبر آئی آر آپریشن کو ایک مراسلہ میں ٹیکس پیئرز کو خام مال ،پلانٹ اور مشینری کی امپورٹ پر ٹیکس استثنیٰ حاصل کرنے میں مشکلات سے آگاہ کیا۔ کے ٹی بی اے کا کہنا ہے کہ آئی آر آئی ایس پورٹل پر ٹیکس استثنیٰ سرٹیفکیٹ خود تیار ہوتا ہے جس کی بنیاد پر کمشنر کی جانب سے منظور کیا ہوا کوٹہ ہوتا ہے اور کنسائمنٹ کلیئرنس کے وقت ویبوک میں موجود ہوتا ہے۔ ٹیکس بار کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6-7 دنوں میں ویبوک پر ایسا کوئی ڈیٹا اپ لوڈ نہیں ہوا ہے جس کی وجہ کسٹمز حکام ان امپورٹڈ خام مال پر ٹیکس استثنیٰ کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ کے ٹی بی اے کا مزید کہنا ہے کہ آئی آر آئی ایس پورٹل خام مال اور پلانٹ اور مشینری کی شناخت الگ الگ نہیں ہے۔ ٹیکس بار کا مزید کہنا ہے کہ پلانٹ اور مشینری کی ایل سی کنسائمنٹ کی بنیاد پر ٹیکس استثنیٰ کی اجازت ہے لیکن آن لائن سسٹم میں استثنیٰ سرٹیفکیٹ فراہم کرنے پر کسی بھی منظور شدہ کوٹہ کی تفصیلات موجود نہیں ہے۔ ٹیکس بار نے ممبر آئی آر آپریشن سے درخواست کی ہے کہ ان مشکلات کو دور کرنے کے لئے فوری ہدایت جاری کریں۔