کورونا سے ایف بی آر کے 30 ملازمین جان کی بازی ہارگئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کے باعث اب تک ایف بی آر کے 30 ملازمین جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں گریڈ 22 کے سینئر ترین کسٹم افسر محمد زاہد کھوکھر بھی شامل ہیں۔ ایف بی آر ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونیوالے افسران اور ملازمین کے لئے خصوصی تقریب اور دعا کا اہتمام کیا گیا۔ وفاقی سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ چئیرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید امجد اور ایف بی آر کے دیگر سینئر افسران نے دعا میں شرکت کی۔ تقریب میں خصوصی طور پر پاکستان کسٹم کے گریڈ 22 کے افسر محمد زاہد کھوکھر اور دوسرے شہداءکی خدمات کو سراہا گیا اور ان کی مغفرت اور بلند درجات کے لئے دعا کی گئی۔ مقررین نے ان کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے کورونا وباءکے پھیلاﺅ کے باوجود سرکاری ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کیں اور اپنی جان کی بھی پرواہ نہ کی اور ملک کے لئے ریوینیو اکھٹا کرتے رہے۔ ایف بی آر کے جو 30 ملازمین کورونا کے باعث جابحق ہو چکے ہیں ان کا تعلق ایف بی آر ہیڈکوارٹر اور اس کے فیلڈ دفاتر سے تھا۔