پورٹ قاسم،درآمدی کنسائمنٹس سے لاکھوں روپے مالیت چوری سامان برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پورٹ قاسم کلکٹریٹ پر درآمدی کنسائمنٹس سے چوری کیاجانے والے لاکھوںر وپے مالیت کا سامان برآمد کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم ٹرمینل پر تعینات ٹرمینل کے سرویئرکے لاکروں سے لاکھوں روپے مالیت کے لیب ٹاپ،موبائل فونز، مصنوعی زیورات سمیت دیگرسامان برآمدہواہے جو درآمدی کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کے بعد چوری کرکے لاکروں میں رکھا گیا تھا۔ذرائع نے بتایاکہ ٹرمینل انتظامیہ کو اطلاع ملی کے ٹرمینل پر تعینات سرویئرکی جانب سے درآمدی کنسائمنٹس سے سامان چوری کرکے سرویئرز نے اپنے لاکروں میں رکھاہواہے جس پر ٹرمینل انتظامیہ نے گذشتہ رات لاکروں کو توڑکراس میں سے 80لیب ٹاپ،200موبائل فونز، بھاری مقدارمیں مصنوعی زیورات اوردیگرسامان برآمدہوا۔ذرائع نے بتایاکہ ٹرمینل انتظامیہ نے چوری میں ملوث ملازمین کے خلا ف محکمہ جاتی کارروائی کا آغازکردیاہے۔واضح رہے کہ ٹرمینل پر اس سے قبل بھی درآمدی کنسائمنٹس سے چوری کے واقعات رونماہوچکے ہیں جس کے باعث درآمدی کنسائمنٹس سے لاکھوں روپے کا قیمتی سامان غائب کیاجاچکاہے۔ذرائع نے بتایاکہ درآمدی کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کے دوران کچھ کسٹمز افسران کی سرپرستی میں سامان غائب کرکے سرویئرزکے لاکروں میں رکھوایاجاتاہے جبکہ رابطہ پر کسٹم آفیسرنے بتایاکہ ہمارا کام صرف کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کا ہوتاہے سامان کو کنٹینرسے باہرنکالنااورجانچ پڑتال کے بعدکنٹینرمیں رکھناٹرمینل کے ملازمین کاکام ہے کنسائمنٹس سے سامان چوری کرنے میں ٹرمینل کے ملازمین شامل ہیں اسی لئے چوری کیاجانے والاسامان ٹرمینل کے ملازمین کے لاکروں سے برآ مدہواہے۔