Uncategorized

غیر رجسٹرڈ کو سپلائی پر فرٹیلائزر مینوفیکچررز کو سیلز ٹیکس کی رعایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سیلز ٹیکس قوانین میں نرمی کرتے ہوئے فرٹیلائزر تیار کرنے والی کمپنیوں کو اپنے مال کی غیر رجسٹرڈ افراد کو سپلائی کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے ایک نوٹیفکیشن ایس آر او 1337(I)2020 بتاریخ 16 دسمبر 2020 کو جاری کیا ہے جس کے تحت سیکشن 73(4) میں موجود پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیلز ٹیکس قوانین 1990 کے سیکشن 73(4) میں ترمیم فرٹیلائزر مینوفیکچررز کو ان سپلائزرز پر ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹ کرنے کی اجازت نہیں تھی اگر غیر رجسٹرڈ افراد کو کی گئی سپلائی کی مالیت ایک سال میں دس کروڑ سے زائد ہو یا کسی ایک ٹیکس پریڈ میں اس کی مالیت ایک کروڑ سے زائد ہو۔ ایس آر او 1337(I)2020 کے تحت فرٹیلائزر مینوفیکچررز کو اس شرط سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ البتہ رجسٹرڈ فرٹیلائزر مینوفیکچررز کو اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کے لئے 15 جنوری2021 تک کی گئی سپلائی کی تفصیلات دینا ہوں گی جس میں ڈسٹری بیوٹرز اور ڈیلرز کو سیلز کی گئی اشیاءکی فہرست ان کے نام اور این ٹی این شامل ہیں۔ جبکہ ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز کے علاوہ خریدار کی تفصیلات بھی دینا ہوں گی جس میں نام، رہائشی پتہ، شناختی کارڈ نمبر شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈسٹری بیوٹرز، ڈیلرز اور دوسرے خریدار کے بینک اکاﺅنٹ اور بینک برانچز کی تفصیلات بھی دینا ضروری ہوگا۔ ان تفصیلات کے حوالے سے ایف بی آر کا کہنا ہے کہ سال 2019-2020 اور یکم جولائی 2020 سے اب تک سیلز کی تفصیلات دینا ہوں گی۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ جو افراد 15 جنوری 2020 تک یہ تفصیلات فراہم نہیں کریں گے وہ اس رعایت کے اہل نہیں ہوں گے جبکہ یہ ایس آر او پر عملدرآمد یکم جولائی 2020 سے ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button