انسداد اسمگلنگ مہم کے ذریعے ملک کو6ارب ڈالر کے نقصان سے بچالیاگیا،طارق ہدیٰ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کسٹمز رواں سال 2کھرب روپے کا ریونیو کا ہدف حاصل کرلے گا۔ محکمہ کسٹمز انسداد اسمگلنگ مہم کے ذریعے ملک کو6ارب ڈالر کے نقصان سے بچانے میں کامیاب ہوا ہے، کسٹمز کی انسداد اسمگلنگ کاروائیوں کے ذریعے اب تک 50ارب روپے کا ریونیو حاصل کیاگیا اور رواں سال کے اختتام تک انسداد اسمگلنگ مہم کے ذریعے100ارب روپے کے ریونیو کے حصول کی توقع ہے یہ بات ممبر کسٹمز ایف بی آر سید طارق ھدی نے منگل کو کسٹم ہاوس کراچی میں کسٹمز کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کسٹمز ملک میں 2ارب ڈالر کے موبائل فونز کی اسمگلنگ روکنے میں کامیاب ہوا ہے جبکہ 1.5 ارب ڈالر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور 2ارب ڈالر کی پیٹرولئیم مصنوعات کی اسمگلنگ روکنے میں کامیابی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فونز کی اسمگلنگ کو روکنے سے پاکستان کی اپنی موبائل فون کی انڈسٹری تیزی سے فروغ پا رہی ہے رواں سال 20ملین موبائل فونز پاکستان خود بنائے گا اور پاکستان بہت جلدموبائل فونز برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ گاڑیوں کی اسمگلنگ روکنے سے ملک میں گاڑیوں کی صنعت بہتر ہورہی ہے۔ انہوں بتایاکہ پاکستان کسٹمز نے پیٹرولئیم مصنوعات کی اسمگلنگ روکنے کے لئے 3مرحلوں پر مبنی حکمت عملی وضع کی ہے۔ اسمگل شدہ پیٹرولئیم مصنوعات فروخت کرنے والے 1600مراکز سیل کیے جاچکے ہیں اور رواں سال کے اختتام تک 2500پیٹرولئیم مصنوعات کے غیرقانونی سیل پوائنٹس سیل کرنے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولئیم کی اسمگلنگ روکنے سے مقامی ریفائنریوں کی پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے کامیاب انسداد اسمگلنگ مہم کی وجہ سے ٹائر ٹیوب الیکٹرانکس کی صنعتوں میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔قبل ازیں عالمی کسٹمز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسٹمز کی موثرحکمت عملی کی بدولت اسمگلنگ سے ملکی معیشت کو پہنچنے والے سالانہ 2ارب ڈالر کے نقصان میں کمی ہوئی ہانہوں نے کہا کہ پورٹ جی ڈی پی نمو میں اہم کردار اداکریگا اور تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کویڈ19 کی وجہ سے پاکستان کسٹمز کو ریونیو اہداف کے حصول میں مشکلات کا سامنارہاہے لیکن مشکلات کے باوجود کسٹمز افسران ملک کے آمدنی میں اضافے اور غیر قانونی تجارت روکنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز مشکل حالات کے باوجود رواں سال کے انسداد اسمگلنگ کا ٹاسک پورا کرلے گا۔چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ سیف الدین جونیجو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کورونا کے دوران دنیا بھر میں سپلائی چین کو برقرار رکھنا رواں سال عالمی یوم کسٹمز کی تھیم ہے۔پاکستان کسٹمز نے کویڈ میں ملک میں سپلائی چین کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کی۔ لاک ڈاون میں ملک گیر سطح پر اشیائے صرف کی فراہمی کو برقرار رکھا جو کسٹمز کا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطلوبہ اقدامات کے ذریعے بندرگاہوں ائیرپورٹس سے سپلائی چین کو برقرار رکھا۔کویڈ19 کے دوران کسٹمز نے درآمدی وبرآمدی سرگرمیوں میں مکمل سہولت فراہم کی جبکہ وباءسے بچاو¿ کے لئے کسٹم ہاوس ائیرپورٹ پورٹس پر تھرمل ا سکینرز لگائے گئے۔کلکٹر کسٹمز پریونٹیو ثاقف سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کسٹمز انسداد اسمگلنگ سے متعلق وزیراعظم کی جانب سے دیئے گئے ٹاسک پر تندہی سے متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولئیم مصنوعات کی اسمگلنگ روکنے کے لئے آمدورفت کے ذرائع سمیت غیرقانونی پیٹرول پمپوں پر بھی کام کررہے ہیں۔