بسکٹ کمپنی پر اربوں کے سیلز ٹیکس فراڈ کا الزام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائرکٹریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن لاہور نے میسرز انویٹیو بسکٹ کی جانب سے 4.27 ارب روپے کا سیلز ٹیکس فراڈ کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی اینڈ آئی ان لینڈ ریونیو لاہور نے مستند اطلاعات پر کمپنی کے خلاف سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت کارروائی کی۔ ڈائریکٹریٹ نے تخمینہ کے بعد اس کمپنی کے خلاف ٹیکس فراڈ پر 4.27 ارب روپے وصولی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ اس کارروائی میں آئی اینڈ آئی نے کمپنی کے ڈائریکٹر شیخ منیر حسین کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کیس کو ٹھیک طریقہ پر پیش کرنے کی وجہ سے اس ملزم کی دو ضمانت کی درخواست عدالت نے مسترد کردی ہیں۔ البتہ اس کے بعد ملزم نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دی جس پر عدالت نے گرفتاری کے بعد ضمانت کی منظوری دے دی جبکہ درخواست دہندہ کو 30 کروڑ روپے جمع کروانے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ ملزم کو 10 کروڑ روپے کے پوسٹ ڈیٹڈ چیکس بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔