پاکستان سنگل ونڈو کاروباری لاگت میں کمی کو یقینی بنائے گا
کراچی (پ ر)کراچی کسٹمزایجنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان سنگل ونڈوکی تربیتی سیشن کاانعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر پاکستان سنگل ونڈوکے چیف ڈومین آفیسرنوید عباس میمن نے بتایاکہ پاکستان سنگل ونڈوکی بدولت درآمدکئے جانے والے کنسائمنٹس کی کلیئرنس کا عمل فوری طورپرہوسکے گاجس کے باعث کارلاگت میں کمی آئے گی ۔انہوںنے بتایاکہ پاکستان سنگل ونڈوکا نفاذسے پاکستان کوورلڈٹریڈآرگنائزیشن کے تجارتی سہولت کے معاہدے کی تعمیل کرنے کے قابل بنائے گا اس کے علاوہ ہمارے ملک ک وتجارت کامرکزبننے کی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدملے گی۔اس موقع پر کراچی کسٹمزایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدرسیف اللہ خان نے بتایاکہ پاکستان سنگل ونڈوکے ذریعے پاکستان کی سرحد پارتجارت کے ضابطے میں شامل 74مختلف پبلک سیکٹراداروں کے ساتھ تعاون کو برقراررکھتے ہوئے کاروبارکرنے میں آسانی کو فروغ دے گا۔کراچی کسٹمزایجنٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ارشدخورشید نے پاکستان سنگل ونڈوپورٹل کے تحت حقیقی آٹومیشن کے نفاذکو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کسٹمزنے سال 2005میں پاکستان کسٹمزکمپیوٹرائزسسٹم پیکس کا آغازکرکے رسک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے کاروبار میں آٹومیشن کے نفاذ کا آغاز کیاجس سے پاکستان کی تجارت کو بہت سراہا گیا۔انہوں نے بتایاکہ اب حکومت اور پاکستان کسٹمز کی جانب سے پاکستان سنگل ونڈو کی شکل میں دوسری بار ایک بڑی تبدیلی متعارف کرائی جا رہی ہے، یہ نیا نظام درآمد کنندگان، برآمد کنندگان، کسٹمزایجنٹس، فریٹ فارورڈرز، شپنگ کمپنیوںاور ٹرانسپورٹرز سے متعلق عمل کو ڈیجیٹائز کرے گا جبکہ قوانین اور ضوابط کی تعمیل کے ساتھ کاروباری لاگت میں کمی کو یقینی بنائے گا۔