درست معلومات کی عدم فراہمی برآمد کنندگان پر جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلکٹریٹ آف کسٹمز (ایکسپورٹ) پورٹ محمد بن قاسم نے ایکسپورٹرز کی جانب سے گڈز ڈیکلریشن میں مکمل تفصیلات نہ دینے پر جرمانے عائد کرنے کا آغاز کردیا ہے۔ کلکٹریٹ کے مطابق ایکسپورٹرز جوکہ مینوفیکچرنگ بانڈ، ڈی ٹی آر ای اور ایکسپورٹ ساختہ یونٹ کے تحت جی ڈی فائل کرتے ہوئے ایکسپورٹ کمرشل ٹرانزیکشن کے ٹائپ کو ڈکلریشن میں ظاہر کررہے ہیں، یہ کسٹم ایکٹ 1969ءکے سیکشن 131(I) کی خلاف ورزی ہے۔ قانون کے تحت ایکسپورٹر کو درست اور مکمل ڈیکلریشن فراہم کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ کئی کیسز میں جی ڈی کے ساتھ اینالائسز کارڈ فراہم نہیں کئے جاتے جس کی وجہ سے ایگزامنیشن اور اسسمنٹ آفسیرز کو اصل خام مال کے استعمال اور ان پٹ خام مال جوکہ کارڈ کے تحت جائز ہے، کو ویری فائی کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کلکٹریٹ کا مزید کہنا ہے کہ جی ڈی میںڈی ٹی آرای کی سہولت کلیم کرتے ہوئے بھی معلومات درست فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ کئی کیسز میں امپورٹ میٹیریل جوکہ ایکسپورٹ گڈز میں استعمال ہوتے ہیں، ان کو ”نان ڈیوٹی پیڈ اشیاءانفارمیشن“ میں جی ڈی کے ساتھ منسلک کردیا جاتا ہے، جبکہ کئی دوسرے کیسز میں یہ معلومات ہی نہیں ہوتی۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ ایکسپورٹرز معلومات نان ڈیوٹی پیڈ آئٹمز معلومات میں درست فراہم نہیں کررہے۔ کلکٹریٹ نے ایکسپورٹرز کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ سے اگر یہ معلومات درست طور پر فراہم نہیں کی جاتی تو ایسی صورت میں ان کے خلاف کنٹراونشن رپورٹ تیار کرکے جرمانے عائد کئے جائیں گے۔