کراچی ایئرپورٹ پر موبائل فونزکی اسمگلنگ ناکام بنادی گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ کسٹمزنے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ سے ہونے والی موبائل فونز کی اسمگلنگ کوناکام بناتے ہوئے خاتون مسافر کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل آرایول لاﺅنج پر تعینات کسٹمز کے عملے نے شارجہ سے بذریعہ ایئرعریبیہ سے کراچی آنے والی خاتون مسافر کو شک کی بنیاد پر گرین چینل پر روک کر ان کے ہمراہ سامان کے بارے میں استفسار کیا کہ ان کے سامان میں کوئی ممنوعہ اور قابل ادائیگی ڈیوٹی اشیاءتو موجود نہیں ہیں جس پر خاتون مسافر نے اس طرح کی اشیاءکے بارے میں انکار کیا جواب سے غیرمطمئن ہونے پر مسافر خاتون کے سامان کی اسکینگ کی گئی تو ان کے سامان میں موبائل فونز کے خالی ڈبوں اور گرافکس کارڈ کی نشاندہی ہوئی جس پر خاتون مسافر کے سامان کو کسٹمز کے عملے نے ایگزامینیشن کاونٹر پر منتقل کر کے خاتون کی موجودگی میں ان کے سامان کی تفصیلی جانچ پڑتال کی اور سامان میں موجود موبائل فونز کے خالی ڈبوں کے بارے میں استفسار کیا تو خاتون اس کا تسلی بخش جواب نہ دے سکیں تاہم خاتون مسافر کو سرچنگ روم لے جاکر لیڈی سرچر نے جسمانی تلاشی لی جس کے نتیجہ خاتون مسافر کے جسم کے ساتھ بندھے ہوئے 23 عدد آئی15پرومیکس فونزبرآمد ہوئے جن کی کل مالیت 92 لاکھ روپے ہے اور ان پر 43 لاکھ روپے قابل ادائیگی ڈیوٹی ٹیکسز ہیں۔ برآمد شدہ موبائل فونز کسٹمز نے اپنی تحویل میں لے کر کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے خاتون مسافر کو گرفتار کیا ہے اور مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔