Breaking NewsEham Khabar

یف بی آر کا سیلز ٹیکس فراڈ کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاون ، پانچ افراد گرفتار۔

اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)وزیر خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور ڈائریکٹرجنرل انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے جعلی انوائسز تیار کرنے والے کاروبار اور ٹیکس فراڈ میں ملوث ان کے چیف فنانشل آفیسرز کے خلاف کریک ڈاون کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے ملک بھر سے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا جن میں ایک معروف فراڈی شخص بھی شامل ہے جو جعلی کاروباری چین بنانے میں ملوث تھا۔ چار دیگر مینجمنٹ کے افراد جو ملک کو اربوں روپے کے سیلز ٹیکس کا نقصان پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔تفصیلات کے مطابق اربوں روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کی بنیاد پر درج کی جانے والی ایف آئی آر پر کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو حیدر آباد نے لاہور میں قائم ایک بیٹری تیار کرنے والے ادارے کے چیف فنانشل آفیسر اور پرچیز آفیسر کو گرفتار کر لیا،گرفتارملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے لیڈ پر جعلی ان پٹ ٹیکس کا دعویٰ کرکے سیلز ٹیکس فراڈ میں معاونت کی ہے۔ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جانے والی اس کاروائی میں حیدر آباد کی ٹیم کو لاہور ڈائریکٹوریٹ نے مدد فراہم کی۔گرفتار ملزمان نے قومی خزانہ کو ایک ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے۔انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جانے والی ایک اور کاروائی میں ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو فیصل آباد نے دو جڑواں کاروباراور فیصل آباد کے ایک بڑے ٹیکسٹائل یونٹ کے چیف فنانشل آفیسرز کوگرفتار کر لیا جنہوں نے کوئلہ کی خریداری میں جعلی ان پٹ ٹیکس کا دعویٰ کرکے سیلز ٹیکس میں قومی خزانہ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ اس کے علاوہ سپلائرز، اس فراڈ سے مستفید ہونے والوں اور معاونت کرنے والوں کے خلاف پہلے ہی ایف آئی آر درج کرائی جاچکی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ ایک اور پیش رفت میں متعدد ایف آئی آرز میں نامزد ملزم تصور شاہد کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کورٹ نے منسوخ کر دی جس کے بعد اس کو عدالت سے باہر گرفتار کرلیا گیا۔ وہ ایک ایسے گینگ کا اہم رکن ہے جو سیلز ٹیکس کی جھوٹی ان پٹ انوائسز تیار کرنے کے لئے کئی جعلی یونٹس تشکیل دینے میں ملوث ہے۔ یہ جعلی انوائسز بعد میں اینڈ یوزر استعمال کرکے قومی خزانہ کو اربوں روپے کا نقصان پہنچاتے ہیں۔یہ گرفتاریاں ملک بھر میں منظم مافیا اور سیلز ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف ہونے والے کریک ڈاون کے نتیجہ میں عمل میں لائی گئی ہیں۔ ایف بی آر کے ان انفورسمنٹ اقدامات کا مقصد ٹیکس کمپلائنس کو بہتر بنانا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button