ایکٹیو ٹیکس پیئرز کی فہرست یکم مارچ کو شائع ہوگی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو ٹیکس برائے سال 2022 کے لئے نئے فعال ٹیکس پیئرز کی فہرست یکم مارچ 2023ءکو جاری کرے گا۔ اس اے ٹی ایل فہرست میں شامل وہ افراد شامل ہوں گے جنہوں نے ٹیکس برائے سال 2022 کے گوشوارے 28 فروری 2023 تک جمع کروائے ہیں۔ ایف بی آر ہر سال یکم مارچ کو نئی فعال ٹیکس فہرست جاری کرتا ہے۔ اس فہرست میں شامل افراد ودہولڈنگ ٹیکس کی کم شرح کا فائدہ حاصل کرنے کے حقدار ہوتے ہیں۔ ٹیکس برائے سال 2021 کی فعال ٹیکس فہرست 28 فروری 2023 کو ختم ہوجائے گی۔ ایف بی آر ہر ہفتہ اے ٹی ایل کو اپ ڈیٹ کرتا ہے اور ان افراد کے نام شامل ہوتے ہیں جنہوں نے اس دوران ریٹرن فائل کئے ہوتے ہیں۔ 20 فروری کو شائع ہونے والی فعال ٹیکس فہرست کے مطابق ایف بی آر کے فعال ٹیکس دہندگان کی اصل تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ ایف بی آر نے اس حوالے سے اے ٹی ایل کی تشریح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے ٹی ایل اصل میں ان افراد کا آن لائن ریکارڈ ہوتا ہے جنہوں نے گزشتہ سال ریٹرن فائل کئے ہوتے ہیں۔ لہذا وہ افراد جنہوں نے ٹیکس سال 2021 میں ریٹرن فائل کئے لیکن ٹیکس برائے سال 2022 میں ریٹرن فائل نہیں کئے تو ان کے نام آئندہ شائع ہونے والی یکم مارچ کی فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں نہیں ہوں گے۔ ایف بی آر کا مزید کہنا ہے کہ نئی ای ٹی ایل میں ان افراد کے نام شامل نہیں ہوں گے جنہوں نے سال2022 کے ریٹرن فائل تو کئے مگر وہ ریٹرن حتمی تاریخ کے بعد فائل کئے گئے اور ان افراد نے اے ٹی ایل میں شامل ہونے کے لئے سرچارج ادا نہیں کئے البتہ وہ افراد جنہوں نے سال 2022 کے ریٹرن وقت مقررہ کے بعد جمع کروائے ہوں اور وہ اے ٹی ایل میں شامل ہونا چاہتے ہوں تو ان کے لئے سرچارج کی شرح مقرر کردی گئی ہے۔ اس کے مطابق کمپنیوں کے لئے سرچارج 20 ہزار روپے، ایسوسی ایشن آف پرسنز کے لئے 10 ہزار روپے اور فرد کے لئے 1000 روپے ہے۔