ریلوے کے ذریعہ افغان کارگوکی ترسیل شروع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ریلوے نے افغان ٹرانزٹ کارگو کی ٹرین کے ذریعہ ترسیل کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ پاکستان ریلوے کے چیئرمین حبیب الرحمن نے ٹرین کے ذریعہ کارگو بھیجنے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے اورPICT کے درمیان معاہدہ ہوگیا ہے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ ریلوے کے ذریعہ کارگو افغانستان بارڈر تک بھیجا جارہا ہے۔ گٹا نامی کارگو کو ٹرین کے ذریعہ افغانستان بارڈر تک پہنچایا جائے گا۔ ٹرین کے ذریعہ کارگو کی محفوظ ٹرانزٹ کے ساتھ ٹریکنگ بھی باآسانی ہوپائے گی۔ ریلوے کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کارگو ٹرین کی یہ پہلی کوشش ہے۔ جبکہ ریلوے مزید چار اور کارگو ٹرین متعارف کروانے جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ایک سال میں تقریبا افغان ٹرانزٹ کا 25 فیصد کارگو ٹرین سے بھیجا جائے گا۔ ماضی میں افغان ٹرانزٹ کا کارگو غائب ہونے کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے مگر ٹرین سے اس مسئلہ کا بھی حل نکل آئے گا۔