بیگیج رولز، مسافروں کے لیے 1200 ڈالر سے زائد کی اشیاءپر پابندی عائد۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایف بی آر نے بیگیج رولز 2006 میں ترامیم کا مسودہ تیار کیا ہے اور فی الحال اسٹیک ہولڈرز سے رائے طلب کر رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بیگیج اسکیم کے تحت نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے، جس میں مسافروں کو تجارتی مقدار میں سامان پاکستان لانے سے روک دیا گیا ہے۔مجوزہ تبدیلیوں کے تحت1200ڈالر سے زیادہ کی کوئی بھی اشیا ءتجارتی تجارتی اشیاءسمجھی جائیں گی اور سخت ضوابط کے تابع ہوں گی۔ذرائع کاکہناہے کہ نئی ہدایات کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو ذاتی استعمال کے لیے صرف ایک موبائل فون لانے کی اجازت ہوگی اوراضافی فون ضبط کر لیا جائے گا۔ ضابطوں کا مقصد ذاتی سامان کی آڑ میں تجارتی مقاصد کے لیے سامان درآمد کرنے کے عمل کو روکنا ہے۔مزید برآں ایف بی آر نے واضح کیا کہ1200 ڈالر سے زائد مالیت کی اشیاءلانے والے مسافر قابل اطلاق ڈیوٹی، ٹیکس اور جرمانے کی ادائیگی کے بغیر انہیں کلیئر نہیں کر سکیں گے۔نئے قوانین کا مقصد تجارتی سامان کی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مسافر تجارتی ضوابط کی پابندی کریں۔اس اقدام سے ان مسافروں پر اثر پڑے گا جو پہلے فروخت یا تجارتی استعمال کے لیے بڑی مقدار میں اشیاءلائے تھے، اور اس کا مقصد ملک میں داخل ہونے والی چیزوں پر زیادہ شفافیت اور کنٹرول لانا ہے۔