ٹریڈ سیکٹرکو درپیش مسائل کوفوری حل کریں گے۔ چیئرمین ایف بی آر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین ایف بی آرطارق محمود پاشانے کہاہے کہ ٹریڈسیکٹرکو درپیش مسائل کے تدارک کے لئے موثراقدامات بروئے کارلائیں گے۔یہ بات انہوں نے کراچی کسٹمزایجنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفدسے ملاقات کے دوران کہی ۔وفدمیں کراچی کسٹمزایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدرخرم اعجاز،جنرل سیکریٹری واثق حسین اورجوائنٹ سیکریٹری محمدعامرشامل تھے۔چیئرمین ایف بی آرنے کہاکہ ملک کی معاشی ترقی میںکسٹمزکلیئرنگ ایجنٹس کا اہم کردارہے جو قابل تحسین ہے اوران کے دروازے کسٹمزایجنٹس سمیت ہر ٹیکس دہندہ شعبے اورتجارت وصنعت کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں جو اپنے مسائل کے حل کے لئے کسی بھی وقت رابطہ کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر کراچی کسٹمزایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدرخرم اعجازنے طارق محمودپاشاکو چیئرمین ایف بی آرکاعہدہ سنبھالنے پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے بتایاکہ رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں قوانین میںبے شمارترامیم کے باوجودایف بی آرنے فری ٹریڈایگریمنٹس سمیت شعبہ جاتی بنیادوں پر 2000سے زائد ایس آراوزکو خودکارنظام میں بروقت اپ لوڈکرکے ایک مثال رقم کی ہے جو لائق تحسین امرہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کسٹمزیاایجنٹس ایسوسی ایشن طارق محمودپاشا کی قیادت میں ایف بی آرکی نئی ٹیم کے ساتھ بھی بھرپورتعاون کرے گی۔