اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے چین کاپاکستان کسٹمزکو کارگو ا سکینرز کاتحفہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چین نے ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کو 3 کارگو اسکینگ مشینیں فراہم کردی ہیں۔اس موقع پر چائنا کے قونصل جنرل وانگ یو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسٹمز تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ معاشی ترقی کے فروغ کے لئے سی پیک منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چائنیز قونصل جنرل نے کہا کہ سی پیک میں مزید نئے منصوبے آنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چائنیز ہم منصب کی ملاقاتوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ بطور تحفہ اسکینرز کی فراہمی دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی نشانی ہے۔ اس موقع پر ممبر سٹمز آغا جواد نے اسکینرز کی فراہمی پر چائنا کا شکریہ ادا کیا۔ یہ اسکینر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کرچی پر نصب کئے جائیں گے۔ ان ا سکینرز کا مقصد ہے کہ مسافروں کا سامان کھولے بغیر ان کو چیک کرلیا جائے۔ آغا جواد کا کہنا تھا کہ گوادر تک امپورٹ اور ایکسپورٹ اور سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لئے کسٹمز کام کررہا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کسٹمز اسمگلنگ کو روکنے کے لئے آئندہ 5 سال کے لئے پروگرام بنا رہاہے۔بذریعہ سڑک گوادر خنجراب ودیگرعلاقوں میں تجارتی سرگرمیوں اورسفرکوسہل بنایاجارہاہے۔ واضح رہے اگست2018ءمیں ڈپٹی قونصل جنرل چائنا چن ژی ڈونگ نے AFU اور جناح ٹرمینل کا دورہ کیا تھا جس میں ایئرپورٹ میں بہتری اور کارگو کی ترسیلات میں بہتری لانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ اس سلسلے میں اس وقت تعینات ڈپٹی کلکٹر شعیب رضا نے ایئرپورٹ پر کارگو ا سکینر کی تجویز دی تھی جس پر ایک سال بعد عملدرآمد ہوگیا۔
China Handed over Scanner to Pakistan Customs