پورٹ قاسم: کنسائمنٹس کی نیلامی میں بدعنوانی کا انکشاف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماڈل کسٹم کلکٹریٹ پورٹ قاسم نے نیلام کی جانے والی کنسائمنٹس کی لاٹ میں ردوبدل کرکے کلیئر کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزمان میں شامل محمد فہد الدین اور محمد صادق کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ملزمان کی جانب سے لاٹ نمبر Q191 اپریل 2011ءردوبدل کرکے کلیئر کرنے کی کوشش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ماڈل کسٹم کلکٹریٹ پورٹ قاسم کے شعبہ سی آئی یو کے ایڈیشنل کلکٹر علی زمان گردیزی کو اطلاع ملی کہ مذکورہ لاٹ میں ردوبدل کرکے اسے کلیئر کروایا جارہا ہے جس پر انہوں نے پرنسپل اپریزر عمران گل، اپریزنگ آفیسر انور زیب پر مشتمل ٹیم کو کارروائی کی ہدایت جاری کی جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کنسائمنٹ کی کلیئرنس روک دی اور ملزمان میں شامل محمد فہد الدین اور محمد صادق کو 6 ماہ کے لئے بلیک لسٹ کردیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ ملزمان 6 ماہ تک کسی بھی نیلامی میں حصہ لینے کے لئے نااہل ہیں۔ محکمہ کسٹمز نے اس بات کی بھی انکوائری شروع کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملزمان کی انکوائری جس افسر کے ذمہ ہے، وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہیں، جس کے باعث اس کیس کی انکوائری تاحال اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکی ہے۔