افغان ٹرانزٹ ٹریڈ، اسمگلنگ روکنے کے لئے اہم اقدامات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف بی آر نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعہ کی جانے والی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات میں سے اہم قدم زاہد کھوکھر کی بحیثیت ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی تعیناتی ہے۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے بھیجے جانے والے ٹرانزٹ کے کنٹینرز کے ذریعہ بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کے شواہد ملے ہیں۔ ان میں سے کئی کنٹینرز یا تو افغانستان جاتے ہی نہیں یا پھر یہ کنٹینرز بغیر ان لوڈ ہوئے پاکستان میں واپس داخل ہوجاتے ہیں۔ ایف بی آر نے ڈائریکٹوریٹ آف افغان ٹرانزٹ کے ڈائریکٹر جنرل کو مزید اختیارات بھی سونپے ہیں جس کے ذریعہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ افغانستان جانے والے سامان کی ان لوڈنگ افغانستان میں ہی ہو اور وہ پاکستان میں واپس لوکل مارکیٹ میں نہ آئیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کراچی میں موجود کلکٹریٹ کا ٹرانزٹ ٹریڈ کی کلیئرنس میں اہم کردار ہے۔ حال ہی میں تعینات کئے جانے والے ڈائریکٹر جنرل اس سلسلے میں تمام کلکٹریٹس سے ٹرانزٹ ٹریڈ کے بارے میں تفصیلات لیں گے اور سسٹم میں موجود خامیوں کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان بزنس کونسل اور اوورسیز انویسٹرز چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بجٹ تجاویز 2020-21ءمیں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعہ کی جانےوالی اسمگلنگ کو روکنے کےلئے اہم فیصلے کرنے پر زور دیا ہے۔ او آئی سی سی آئی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان سے آنے والے کنٹینرز کو ضرور چیک کیا جائے کہ وہ خالی ہے یا نہیں جبکہ پی بی سی کا کہنا ہے کہ افغان ٹریڈ کی وجہ سے پاکستان کی انڈسٹری بری طرح متاثر ہورہی ہے۔