آئی ٹی آلات کی درآمدپر ٹیکسزچوری کے الزام میں میگاپلس پاکستان کے خلاف مقدمہ درج
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن کراچی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی آلات (آئی ٹی)کی درآمدپر کروڑوں روپے کے ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری کے الزام میں میسرزمیگاپلس پاکستان کے مالک سیدمحمدعاصم بخاری اورسیدمحمدراشدبخاری کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے 2016 تا 2017 کے دوران درآمدکئے جانے والے انفارمیشن ٹیکنالوجی آلات کے کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کی توانکشاف ہواکہ چاردرآمدکنندگان میں سے میسرزمیگاپلس نے کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں بڑے پیمانے پر انڈرانوائسنگ اورمس ڈیکلریشن کے ذریعے 34 کروڑ 53 لاکھ 31 ہزار مالیت کے9کنسائمنٹس پر6کروڑ18لاکھ88ہزارمالیت کے ڈیوٹی وٹیکسزکی کم ادائیگی کی گئی۔ ذرائع نے بتایاکہ محکمہ کی جانب سے میسرزڈیل گلوبل ،میسرزایچ پی سے انوائسنگ کی تصدیق کی گئی تومتعلقہ کمپنیوں نے درست انوائس محکمہ کو فراہم کردیں جس سے اس امرکی تصدیق ہوئی کہ میسرز میگاپلس کی جانب سے کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لئے جعلی انوائسوںکا سہارالے کردرآمدی کنسائمنٹس کی درآمدی ویلیوکم ظاہرکرکے کروڑوں روپے مالیت کے ڈیوٹی وٹیکسزکی کم ادائیگی کی گئی جس پر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے کمپنی کے خلاف 9کنٹراونشن رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈیکشن کلکٹریٹ کو ارسال کردیں ۔ذرائع نے بتایاکہ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی رپورٹ پر ایف بی آرکی جانب سے ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس کو انفارمیشن ٹیکنالوجی آلات کی درآمدپر ہونے والی ٹیکسزکی چوری کی مزیدتحقیقات کی ہدایات جاری کی گئیں جس پر ڈائریکٹرعرفان جادید کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹرشیرازاحمدکی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹرعدنان رفیق ،سپرنٹنڈنٹ سیدفخرعلی شاہ ودیگرافسران نے میسرزمیگاپلس کی جانب سے 2016تا2017کے دوران درآمدکئے جانے والے انفارمیشن ٹیکنالوجی آلات کے کنسائمنٹس کی مزیدجانچ پڑتال کی گئی توانکشاف ہواکہ میسرزمیگاپلس کی جانب سے34 کروڑ 53 لاکھ 31 ہزار مالیت کے9کنسائمنٹس پر6کروڑ18لاکھ88ہزارمالیت کے ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری کی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ کسٹمزانٹیلی جنس نے تمام حقائق کے پیش نظرمیسرزمیگاپلس پاکستان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔