بینک کی جانب سے فارم ای اصلی ہونے کی تصدیق پربرآمدکنندہ کے خلاف درج کی جانے والی ایف آئی آرغلط ثابت ہوگئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ایف بی آر کراچی کی جانب سے میسر”جی اینڈایس“مینوفیکچرزکے جعلی فارم ای پر درج کی جانے والی ایف آئی آربینک کی جانب سے فارم ای کے اصلی ہونے کی تصدیق کے بعد غلط ثابت ہوگئی۔ذرائع نے بتایاکہ کسٹمزانٹیلی جنس نے میسر”جی اینڈایس“مینوفیکچرزکی جانب سے برآمدکئے جانے والے کپڑے کے 11کنٹینرزکے دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد انکشاف کیاتھا کہ مذکورہ کمپنی کی جانب سے کپڑے کے11کنٹینرزکوجعلی فارم ای پر برآمدکیاجارہے ہیں اور کسٹمزانٹیلی جنس نے فارم ای کی تصدیق گڈزڈیکلریشن میں درج کی گئی بینک کی برانچ سے کی تو معلوم ہواکہ فارم ای متعلقہ برانچ سے جاری نہیں کیاگیا جس پر کسٹمزانٹیلی جنس کی جانب سے ایف آئی آرکااندارج کردیا۔ذرائع نے بتایاکہ محکمہ کسٹمزکے سسٹم میں بے شمارخامیوںموجودہیں تاہم نجی بینکوں کی تمام برانچوں کے کوڈسسٹم میں نہیں دیئے گئے ہیںاور برآمدکنندگان کو گڈزڈیکلریشن فائل کرتے ہوئے فارم ای کے لئے برانچ کوڈکی ضرورت پڑتی ہے اورجب تک برانچ کوڈ نہیں دیاجائے گڈزڈیکلریشن کا عمل مکمل نہیں ہوتا اس لئے برآمدکنندگان اپنی جی ڈی کاعمل مکمل کرنے کے لئے برانچ کوڈکاغلط اندارج کردیتے ہیں تاہم یہی معاملہ میسر”جی اینڈایس“مینوفیکچرزکے ساتھ بھی ہواہے کیونکہ محکمہ کسٹمزکے سسٹم میں حبیب بینک لاہوربرادرن روڈبرانچ کا کوڈنہیں ہے جس پر برآمدکنندہ کی جانب سے گڈزڈیکلریشن کاعمل مکمل کرنے کے لئے غلط برانچ کوڈ کا اندارج کیاگیاتھا۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ میسر”جی اینڈایس“مینوفیکچرزکی جانب مذکورہ نجی بینک سے فارم ای کے اصلی ہونے کی تصدیق کا مکتوب حاصل کرلیاگیاہے۔