انفورسمنٹ کراچی نے خشک دودھ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے خشک دودھ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغازکردیاہے۔تفصیلات کے مطابق کلکٹر آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی معین الدین وانی کو حساس ادارہ سے اطلاع موصول ہوئی کہ ماڑی پور ٹرک اڈہ پر قائم گودام میں اسمگل شدہ خشک دودھ کی بھاری مقدار کا کنٹینر ٹرالر پر موجود ہے جس کو اندرون ملک اسمگل کیا جائے گا، اس اطلاع پر کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ معین الدین وانی نے ڈپٹی کلکٹر انفورسمنٹ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن سید محمد رضا نقوی کی سربراہی میں ایک خصوصی چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی جس ٹیم نے ماری پور ٹرک اسٹینڈ میں قائم ایک گودام پر چھاپہ مارکر ٹرالر پر لوڈ کنٹینر کو روک کر ٹرالر ڈرائیور سے کنٹینر میں موجود سامان کے بارے میں دریافت کیا تو ٹرالر ڈرائیور نے کسٹم کی ٹیم کو کسٹمز گڈز ڈیکلریشن(جی ڈی) پیش کی جس میں تازہ سیب کی معلومات درج تھیں،کسٹمز کی عملہ نے جی ڈی میں درج معلومات کی تصدیق کے لئے جب ریفریجیٹد کنٹینر کو کھول کر چیک کیا گیا تو کنٹینر میں تازہ سیب کے کر یٹس کے پیچھے خشک دودھ کے بیگز کی نشاندہی ہوئی جس پر ریفریجیٹد کنٹینر کو مکمل خالی کیا گیا اور کنٹینر میں سیب کے کریٹس کے پیچھے چھپائے گئے ایرانی خشک دودھ کے 22ٹن وزنی 880 بیگزبرآمدہوئے ،محکمہ کسٹمزنے برآمد شدہ ایرانی خشک دودھ بمعہ ٹرالر اور کنٹینر کو اپنی تحویل میں لے کر ضبط کرکے کسٹمزکے گودام پر منتقل کردیاگیاہے ،ضبط شدہ ایرانی خشک دودھ ،ٹرالراورکنٹینر کی مجموعی مالیت پانچ کروڑروپے ہے ،انفورسمنٹ کلکٹریٹ کی چھاپہ مارٹیم نے کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تین افراد کو باضابطہ گرفتار کیا گیاہے۔