ایف بی آر نے ٹیکس ایمنسٹی میں ادائیگی نہ کرنے پر خبردار کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف بی آر نے گزشتہ سال جاری کردہ ایمنسٹی اسکیم میں ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے والوں پر قانونی کارروائی شروع کرنے کے حوالے سے خبردار کردیا ہے۔ ایف بی آر نے ان افراد کو جنہوں نے 30 جون 2019ءتک اس ٹیکس ایمنسٹی کے تحت گوشوارے جمع کروانے تھے اور ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی ہے، کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹیکس کی ادائیگی 30 جون 2020ءتک کردیں بصورت دیگر ان کے گوشوارے منسوخ کردیے جائیں گے اور اثاثے ظاہر نہ کرنے کے قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔ ایف بی آر نے گزشتہ سال ایمنسٹی اسکیم میں گوشوارے جمع کروانے والوں کو 4 اقساط میں ٹیکس کی ادائیگی کی سہولت دی تھی۔ اس سلسلے میں چوتھی قسط 30 جون 2020ءتک ادا کرنا لازمی ہے۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ اس تاریخ میں مزید توسیع نہیں ہوگی۔ البتہ کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں ایف بی آر نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس پیئرز کو تاریخ میں توسیع دی جائے خاص طور پر ایسے حالات میں جب کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ٹیکس پیئرز مالی مشکلات کاشکار ہیں۔