ایف بی آر نے افسران سے شہریت کی تفصیلات طلب کرلیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے کسٹمز افسران سے دوبارہ شہریت کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے تمام چیف کلکٹرز، کلکٹرز اور تمام ڈائریکٹر جنرل کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق ان کسٹمز اسٹیشن کو ایک فارمیٹ دیا گیا ہے جس میں دوہری شہریت رکھنے والے کسٹمز افسران کو تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ ایف بی آر کامزید کہنا ہے کہ یہ تفصیلات کسٹمز افسران جوکہ گریڈ 17 یا اس سے اوپر کے گریڈز میں ہیں، ان کو یہ فارم بھرنا لازمی ہے جبکہ اس فارم کو 23 اگست 2022 تک ایف بی آر میں جمع کروانا بھی ضروری ہے۔ اگر کسی افسر کی دوہری شحریت ہے تو ایسی صورت میں تفصیلات میں نام، عہدہ، گریڈ، سروس گروپ، شناختی کارڈ نمبر اور موجودہ پوسٹنگ وغیرہ فراہم کرنا ضروری ہے۔ اگر افسر شادی شدہ ہے تو ایسی صورت میں بیوی کی تفصلات بھی دینا ہوں گی جس میں اس کا نام، شناختی کارڈ نمبر ،پاسپورٹ نمبر، اگر دوسرے ملک کی شہریت ہے تو اس ملک کا نام اور کس تاریخ کو اس کی شہریت لی گئی ، وغیرہ فراہم کرنا ہوں گی۔