ایف بی آر نے سیاحوں کے لیے گاڑیوں کی درآمد کے قوانین میں ترامیم کردی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سیاحوں کی جانب سے گاڑیوں کی عارضی درآمد کے ضوابط میں اہم ترامیم کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ درآمد شدہ گاڑیوں کو صرف سفری مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔ایف بی آرکی جانب سے جاری کردہ ایس آراو1650میں بیان کردہ ان ترامیم کا مسودہ آج جاری کیا گیا تاکہ سرحد پار گاڑیوں کی نقل و حرکت سے وابستہ ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے اور موجودہ درآمدی سہولیات کے غلط استعمال کو روکا جاسکے۔مجوزہ ضوابط سیاحوں کو اجازت دیتے ہیں کہ وہ عارضی طور پر گاڑیاں ایک درست بینک گارنٹی کے تحت، کسٹم ڈیوٹی لگائے بغیر، زیادہ سے زیادہ تین ماہ کے لیے درآمد کریں۔ تاہم، درآمد کنندگان کو کسٹمز انٹری پوائنٹ پر یہ اعلان کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان میں قیام کے دوران گاڑی کو نہ تو منتقل کریں گے اور نہ ہی فروخت کریں گے۔ یہ اقدام تجارتی یا مقامی استعمال کے لیے عارضی درآمدات کے غلط استعمال کو محدود کرنے کے لیے ایف بی آر کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔جبکہ تین ماہ کے مقررہ وقت کے اندر گاڑی کو برآمدنہ کی جاسکے تو سیاح توسیع کے لیے درخواست دے سکتے ہیں،بار بار قلیل مدتی درآمدات کرنے کے لیے ایف بی آر نے یہ شرط عائد کی ہے کہ ایک سال کے اندر پاکستان میں دوبارہ داخل ہونے والی گاڑیوں کو ان کے باہر نکلنے کے بعد توسیع شدہ عارضی ریلیز نہیں دی جائے گی۔ ایسی گاڑیاں، چاہے ایک ہی سیاح یا کوئی اور غیر پاکستانی وزیٹر لائے ہوں یہ زیادہ سے زیادہ 14 دنوں کے لیے اہل ہوں گے۔ مستثنیٰ صرف رجسٹرڈ غیر ملکی ٹور ایجنسیوں کے ذریعے چلائی جانے والی گاڑیوں کے لیے موجود رہے گا، جنہیں ایک سال کے اندر تین ماہ تک کی مدت کے لیے دوبارہ داخل ہونے کی اجازت ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ تسلیم شدہ سیاحت کے سہولت کار ریگولیٹری نگرانی پر سمجھوتہ کیے بغیر آپریشنل لچک برقرار رکھیں۔ترامیم میں غیر معمولی معاملات، جیسے صحت کے مسائل، حادثات، یا دیگر غیر متوقع حالات کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں جو گاڑی کی برآمد کو روک سکتے ہیں۔ ان شرائط کے تحت، ایف بی آر چھ ماہ تک مزید توسیع دے سکتا ہے، لیکن صرف اس صورت میں جب موجودہ بینک گارنٹی کو طویل مدت کے لیے بڑھایا جائے۔ ایسا نہ کرنے پر سیاحوں کو گاڑی کو متعلقہ کسٹم حکام کے حوالے کرنا ہو گا۔سیاحوں کے لیے جو اپنی گاڑیاں پاکستان میں مجاز مدت سے زیادہ رکھنے کے خواہاں ہیں، ان کے لیے وزارت تجارت سے درآمدی اجازت نامہ لازمی ہے۔ ایسے معاملات میں پاکستان کے درآمدی ضوابط اور مالیاتی پالیسیوں کی پابندی کو یقینی بناتے ہوئے، مکمل کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس قابل ادائیگی ہو جاتے ہیں۔ترامیم میں ٹرانزٹ گاڑیوں پر بھی توجہ دی گئی ہے، جس سے سیاحوں کو کسٹمز ڈیوٹی کے بغیر دیگر مقامات پر پاکستان کے راستے گاڑیاں لانے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم اگر ان گاڑیوں کے پاس بینک گارنٹی نہیں ہے، تو انہیں کسٹمز حکام کی طرف سے مقرر کردہ ایس کارٹ فیس کے ساتھ، انٹری سے ایگزٹ کسٹمز پوائنٹ تک لے جانے کی ضرورت ہوگی۔ اس ہدایت میں سیاحوں کے پاسپورٹ میں گاڑی کے گزرنے پر مہر لگانا شامل ہے تاکہ درآمد اور باہر نکلنے کے عمل کو باضابطہ طور پر دستاویز کیا جاسکے۔ان ترامیم کے ذریعے، ایف بی آر کا مقصد گاڑیوں کی عارضی درآمد میں شفافیت کو بڑھانا ہے، پاکستان کے معاشی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے جائز سیاحت کی حمایت کرنا ہے۔ ایک بار توثیق کے بعد ان ضوابط سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ تعمیل کو تقویت دیں گے، غلط استعمال کو روکیں گے، اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عارضی درآمدات قومی اقتصادی اور سلامتی کے تحفظات کے مطابق ہوں۔