ایف بی آر نے ویبوک کا آڈٹ شروع کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ویبوک کا فرانزک آڈٹ شروع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے ماہرین سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق ویبوک کے سال 2020-2021‘ 2019-2020 اور 2018-2019 کا آڈٹ کیا جائے گا۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ فرانزک آڈٹ اس لئے شروع کیا جارہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ویبوک کے انٹرنل کنٹرول‘ قوانین‘ رولز‘ پالیسیاں اور طریقہ کار سب ٹھیک کام کررہے ہیں اور اگر نہیں تو اس کے حل کے لئے تجاویز مرتب کی جائیں۔ اس کا مزید مقصد ہے کہ کسٹم کی کلیئرنس بغیر مسائل کے ٹھیک طور پر کام کررہا ہے۔ کسٹم میں ویبوک 2012ءمیں متعارف کروایا گیا تھا۔ اس کا مقصد آن لائن طریقہ کار سے کنسائمنٹ کلیئرنس کو یقینی بنایا جانا تھا۔ ایف بی آر کے مطابق ماہرین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسٹم ڈیوٹی‘ ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح ٹھیک طور پر سسٹم میں فیڈ کئے گئے ہیں یا نہیں۔ جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ ویبوک ڈیوٹی اور ٹیکسز کی صحیح طریقے سے کلکولیشن کررہا ہے یا نہیں۔ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ سیلز ٹیکس‘ ودہولڈنگ ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے صحیح ریٹس فیڈ کئے گئے ہیں یا نہیں۔