ایف بی آر نے ہدف حاصل کرنے کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال 2023 کے لئے محصولات کے اہداف کو پورا کرنے کے لئے لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو موجودہ مالی سال کے 9 ماہ میں 304 ارب روپے کے محصولات میں کمی کا سامنا ہے۔ حکومت نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ مالی سال میں اس بات کو یقینی بنائے کہ ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔ گزشتہ ہفتہ ہونے والی ایک میٹنگ جس کی صدارت وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کی، اس میٹنگ میں ایس اے پی ایم آن فنانس مسٹر طارق باجوہ، ایس اے پی ایم آن ریونیو مسٹر طارق محمود پاشا، چیئرمین ایف بی آر، اور فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کے دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین ایف بی آر جناب عاصم احمد نے جولائی 2022 سے مارچ 2023 کے ایف بی آر کے ریونیو اہداف اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اس بات کا اظہار کیا گیا کہ ایف بی آر مالی سال 23 ۔2022 کے بقیہ مہینوں میں اپنے اہداف کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ وزیر خزانہ نے اطمینان کا اظہار کیا اور ایف بی آر کو ریونیو کی وصولی کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی میں مکمل تعاون فراہم کیا۔ وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی ٹیم پر مزید زور دیا کہ وہ ملک میں ٹیکس کے حقیقی امکانات کے حصول کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھائے۔