Breaking NewsEham Khabar

ایف بی آر نے کسٹمزانٹیلی جنس سے متعلق گمرہ کن دعووں کو مسترد کردیا۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ذرائع ابلاغ کے کچھ حلقوں کی طرف سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کے کردار اور کارکردگی کو غلط انداز میں پیش کرنے کے حالیہ گمراہ کن دعووں کو یکسر مسترد کردیا۔ بے بنیاد دعووں کے برعکس ڈائریکٹوریٹ کا مینڈیٹ اور فرائض بدستور موجود ہیں جبکہ مخصوص تبدیلیاں وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی منظوری سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کی گئی ہیں۔ اس تنظیم نو کا مقصد کسٹمز کے اندر انفورسمنٹ کے دوہرے کردار کو ختم کرنا ہے اور ڈائریکٹوریٹ کے بنیادی فرائض کو متاثر کئے بغیر انسداد اسمگلنگ اور انفورسمنٹ کو ایک مربوط ڈھانچے کے تحت استوار کرنا ہے۔ایف بی آرذرائع کاکہناہے کہ نئے ڈھانچے کے تحت صرف غیر ضروری قرار دیئے گئے مخصوص علاقائی دفاتر بند کئے جائیں گے جبکہ عملہ کو انفورسمنٹ کے سیٹ اپس میں منتقل کیا جائے گا تاکہ انسدادا سمگلنگ کی کوششوں کو تقویت دی جا سکے۔اسمگل شدہ سامان ضبط کرنے اور چوری کئے ہوئے محصولات کی وصولی میں ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن نے پورے ملک کے لئے انتہائی کم وسائل اور محض293 افراد پر مشتمل آپریشنل عملہ کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور ڈائریکٹوریٹ جنرل ایک مشترکہ انسداد اسمگلنگ حکمت عملی اپناتے ہوئے انفورسمنٹ کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔ایف بی آرذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن اپنے کلیدی کردار کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور اب اس کردار کو مزید تقویت دینے کے لئے اس کو اضافی تکنیکی وسائل مہیا کئے جارہے ہیں تاکہ کسٹمز ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی پر سٹنگ آپریشن کرنے کی صلاحیت کو بڑھایا جا سکے۔ پاکستان کسٹمز میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کو اپنی مرکزی حیثیت کی بنا پر اب اہم ڈیٹا تک بھرپور رسائی حاصل ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر انفارمیشن کی بنیاد پر کاروائیاں کی جا سکیں۔ انسداد اسمگلنگ کے دائرہ کار کی وسعت اور عملہ کی کمی کے پیش نظر اس ٹرانسفارمیشن کے ذریعے ایک مشترکہ انسداد اسمگلنگ حکمت عملی نافذ کی گئی ہے۔ ایف بی آر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کے اسمگلنگ کے خلاف جنگ اور ملک کی اقتصادی سرحدوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button