ایف بی آرنے ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کسٹمزمیں بڑی تبدیلیاں واپس لے لیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے وزیراعظم کے انفارمیشن پلان کے تحت کسٹمز میں اہم تبدیلیاں نافذ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔و اضح رہے کہ ایف بی آرنے جلدبازی کرتے ہوئے 18اکتوبر2024کو ایس آراو1637جاری کیاتھا جس کے بعد قانونی مسائل رونما ہوگئے تھے ،کسٹمزایکٹ میںتبدیلی کے لئے دوتہائی اکثریت درکارہوتی ہے اورتجاویزپر عمل درآمدکے لئے کوئی صدارتی حکم جاری کیاجاتاہے لیکن مذکورہ ایس آراومیں تبدیلی کے لئے کوئی بھی قانونی طریقہ کارکا استعمال نہیں کیاگیاجس کی وجہ سے 18اکتوبر2024کو جاری کردہ ایس آراو1637میں کی گئی تمام تبدیلیاں 28اکتوبرکو جاری کردہ ایس آراو1673کے ذریعے واپس لے لی گئیں ہیں۔ایس آراو1637کے ذریعے کلکٹرز/ڈائریکٹرز آف کسٹمز کے دائرہ اختیار میں ترامیم کی تجویز پیش کی تھی اور چیف کلکٹر آف کسٹمز کے اختیارات ڈائریکٹر جنرل کو منتقل کر دیئے تھے۔ اسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انفورسمنٹ کا قیام بھی اس منصوبے کا حصہ تھا، جس نے ڈی جی انفورسمنٹ کو چیف کلکٹر کے تمام اختیارات فراہم کیے اور ملک بھر کے تمام انفورسمنٹ کلکٹریٹس کو اس کے دائرہ اختیار میں رکھاتھا۔تاہم فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت ان تمام تبدیلیوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انفورسمنٹ کا نیا سیٹ اپ ختم کرتے ہوئے چیف کلکٹر کے ساتھ سابقہ سیٹ اپ بحال کر دیا گیا ہے۔