ایف ٹی اونے سال 2024میں ریکارڈ12ہزارسے زائد شکایات کا ازالہ کیا،فیض الٰہی میمن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) نے 2024 میں بے مثال کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریکارڈ توڑ 12914 شکایات کو دور کرنے کے بعد متاثر کن 95.6 فیصد ریزولوشن کی شرح کو برقرار رکھا ہے یہ بات ایف ٹی او کے ایڈوائزرانچارج فیض الٰہی میمن نے دیگر ایڈوائزر بشمول گل رحمن، بدرالدین قریشی اور ماجد یوسفانی نے ایف ٹی او کے علاقائی دفتر کراچی میں منعقدہ پریس بریفنگ میں بتائی۔انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او آفس نے 2024 میں موصول ہونے والی کل 13506 شکایات میں سے 12914 شکایات کو کامیابی سے نمٹا دیا، انہوں نے مزید کہا کہ ایف ٹی او کی سفارشات پر ایف بی آر کی جانب سے تقریباً 22 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز جاری کیے گئے۔مزید برآں انہوں نے کہا کہ جنوبی علاقہ کراچی، حیدرآباد اور سکھر پر محیط ہے،2477 شکایات کے ساتھ سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز بن کر ابھراہے ، کراچی میں 1989کیسز سامنے آئے، اس کے علاوہ حیدرآباد 335 اور سکھر میں 153 کیس درج ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ شکایات میں اس اضافے کی بڑی وجہ عوامی بیداری کی ایک وسیع مہم ہے، ان علاقوں میں 78 آو¿ٹ ریچ آگاہی سیشن منعقد کیے گئے،انہوں نے بتایاصارفین کے لیے ایک قابل ذکر فتح اس وقت ہوئی جب ایف ٹی او نے 800 گاڑیوں کے مالکان کو 48 ملین روپے کی رقم کی واپسی کی سہولت فراہم کی جن پر پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے سیلز ٹیکس کی مدمیں زیادہ چارجزکی وصولی کی ۔انہوںنے کہاکہ ریفنڈز اس بات کے تعین کے بعد جاری کیے گئے کہ صارفین نے1000سی سی تک کی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس ادا کیا ہے، جہاں اصل لاگو شرح 12.5 فیصد تھی۔ایف ٹی اونے ازخودنوٹس پر کارروائیوں کے ذریعے خاص طور پر تعلیم کے شعبے میں فعال نگرانی کا بھی مظاہرہ کیا۔ ایف ٹی او کی ہدایات کے تحت، 25 سے زائد نجی شعبے کے میڈیکل کالجوں میں زائد فیسوں کے حوالے سے تحقیقات شروع کی گئیں، جن کے نتائج ایف بی آر کے متعلقہ حکام کو رپورٹ کیے گئے۔مزید برآں فیض الٰہی میمن نے کہا کہ اساتذہ کے ٹیکس چھوٹ کے مسائل پر خصوصی توجہ دی گئی، جس میں ایف ٹی او نے ایسے اساتذہ کی شکایات کو کامیابی سے حل کیا جنہیںآجروں کے ذریعہ ان کے جائز الاو¿نسز سے انکار کیا گیا تھا۔ اس مداخلت نے تدریسی برادری کو اہم ریلیف فراہم کیا جنہوں نے مدد کے لیے فورم سے رجوع کیا۔انہوں نے بتایاکہ ریکارڈ ساز کارکردگی ٹیکس کے انصاف کو یقینی بنانے اور ملک کے وفاقی ٹیکس نظام میں شفافیت کو برقرار رکھنے میں ایف ٹی او کے اہم کردار کی نشاندہی کرتی ہے، جبکہ مختلف شعبوں میں ٹیکس دہندگان کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کرتی ہے۔