پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل پر چوری کے واقعات
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمینل پر درآمدی کنسائمنٹس سے چوری کے واقعات ایک معمول بن گئے ہیںدرآمدکنندہ میسرزراجپوت انٹرپرائززکی جانب سے مئی اورجولائی 2022کوایل ای ڈی چپ،ہنگرلائٹس،ایل ای ڈی ڈرائیورکے تین کنسائمنٹس درآمدکئے گئے درآمدی کنسائمنٹس کی ایگزامینشن کے دوران لاکھوں روپے کا سامان چوری کرلیاگیا جس میں کسٹمزافسران کے ساتھ ساتھ پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمینل کے اسٹاف نے مبینہ طورپر کنسائمنٹس سے سامان کی چوری کرکے اپنی ذاتی گاڑیوں میں ٹرمینل سے باہرنکالا۔اس سلسلے میں راجپوت انٹرپرائزز کی جانب سے پی آئی سی ٹی پر تعینات ایڈیشنل کلکٹرایگزامینشن ،پی آئی سی ٹی انتظامیہ کو مکتوب بھی ارسال کئے گئے ہیں لیکن ان کی جانب سے درآمدی کنسائمنٹس سے چوری کیاجانے والاسامان نہ توواپس کیاگیااورنہ ہی اس سامان کاکوئی ہرجانہ دیاگیاہے ٹرمینل انتظامیہ اورمحکمہ کسٹمزکی جانب سے حیلے بہانے سے کام لے رہے ہیں ۔میسرزراجپوت انٹرپرائززنے ارسال کئے جانے والے مکتوب میںکہاہے کہ کمپنی کی جانب سے درآمدکئے جانے والے ہنگرلائٹس کے کنسائمنٹس سے 7کارٹن ،ایل ای ڈی چپ کے4850پیس اورایل ای ڈی ڈرائیورکے 2500پیس چوری کئے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ کنسائمنٹس سے سامان کی چوری میں مبینہ طورپرپاکستان انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل اسٹاف اورکسٹمزکا عملہ ملوث ہے ۔متاثرہ درآمدکنندہ نے بتایاکہ پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمینل پر درآمدی کنسائمنٹس سے سامان کی چوری کے واقعات اکثررونماہوتے رہتے ہیں اورشکایات کرنے پر نہ توٹرمینل انتظامیہ کوئی کارروائی کرتی اورنہ ہی کسٹمزحکام۔متاثرہ درآمدکنندہ نے بتایاکہ ان کی جانب سے ٹرمینل پر تعینات ایڈیشنل کلکٹرسے درخواست کی گئی ہے کہ کنسائمنٹ کی جانچ پڑتال کے دوران بنائی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کی جائیںتاکہ اس امرکی نشاندہی ہوسکے کہ کنسائمنٹ سے سامان کی چوری میں کون سے عناصرملوث ہیںکیونکہ بل آف لیڈنگ کے مطابق کنسائمنٹ میں موجودسامان کی چوری ٹرمینل پرکی گئی ہے جس میں مبینہ طورپر ٹرمینل اورکسٹمزکے لوگ شامل ہیں۔