سیلز ٹیکس ریفنڈزمیں ملوث افسران کیخلاف کارروائی کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی ٹیکس محتسب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو سیلز ٹیکس ریفنڈز میں ملوث ٹیکس افسران کے خلاف بڑی کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔ ایف ٹی او نے 4 مختلف کیسوں میں فیصلہ سناتے ہوئے کارپوریٹ آر ٹی او کراچی کو ہدایت کی کہ ملوث ٹیکس افسران کے خلاف کرمنل پروسیڈنگ چلائی جائے۔ ایف ٹی او کا مزید کہنا تھا کہ ایس آر او 1125 کے غلط استعمال کے ذریعہ جتنی رقم ریفنڈ کی مد میں دی گئی ہے، اس کو فوری طور پر وصول کیا جائے۔ ایف ٹی او نے یہ بھی ہدایت کی کہ اس ریفنڈز سے جو افراد مستفید ہوئے ان کی بھی نشاندہی کی جائے۔ وفاقی محتسب نے ان کیسوں میں ازخود کارروائی کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا۔ ایف ٹی او کے مشاہدہ میں یہ بات آئی کہ سال 2011ءسے 2014ءمیں سیلز ٹیکس ریفنڈُ جعلی انوائسز پر جاری کئے گئے۔ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن نے ان کیسوں میں کافی محنت کی اور ریڈ الرٹ بھی جاری کروائے لیکن اس کے باوجود ریفنڈ جاری کئے گئے۔ مزید یہ کہ ریفنڈز کے فراڈ کا علم ہونے پر بھی متعلقہ ٹیکس آفس نے کوئی خاص کارروائی نہیں کی۔ ایف ٹی او نے 28 جنوری 2020ءکو یہ فیصلہ جاری کیا اور کارپوریٹ کراچی کو ہدایت کی ہے کہ 45 دنوں میں اس میں کارروائی کرکے وفاقی ٹیکس محتسب کو رپورٹ کریں۔