انٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن آئی آرکی کارروائی ،دوکروڑسے زائدمالیت کے سگریٹ ضبط
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن آئی آرایس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مختلف برانڈ میں شامل مارلبورو، آلون، بونس، بادشاہ اورسندبادکے دوکروڑ3لاکھ 50ہزارروپے مالیت کے ایک کروڑ سگریٹ پکڑلئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن آئی آر عبدالرحمن بلوکو خفیہ اطلاع ملی کہ مردان سے ٹرالر نمبر Z-7189پرایک کنٹینر کے ذریعے سگریٹ کی بڑی مقدار لائی جارہی ہے جس پر 17فیصد کی شرح سے 34لاکھ 59ہزار500روپے کا سیلز ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔تاہم ڈائریکٹرعبدالرحمن بلو کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر محمدعارف کی سربراہی میں سپرنٹنڈنٹ جمال اور دیگر اسٹاف و اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس کے بدھ کی شب 3بجے رات کو مردان سے آنے والے ایک ٹرالر کو روک کر تفتیش کی جس پر ڈرائیور نے بتایا کہ وہ مذکورہ سگریٹ گل بائی پر قائم ایک گودام لے کر جارہے ہیں۔انٹیلی جنس ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈرائیور کی جانب سے بتائے جانے والے گودام پر انٹیلی جنس کی ٹیم گئی تو اس گودام پر تالے لگے ہوئے تھے جس پر انٹیلی جنس نے تحقیق کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے آرٹی او پشاور کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میسرزسیونیئر ٹوبیکو لمیٹڈ کا یونٹ مردان میں ہے اور اس کی مینوفیکچرنگ گھپت کتنی ہے، کمپنی کی جانب سے جاری کی جانے والی سیلزٹیکس انوائس جعلی ہے یااصلی، سیلز ٹیکس انوائس پر درج 34لاکھ59ہزار500روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پشاور آرٹی او کی جانب سے مکتوب کا جواب آنے کے بعد مزید تحقیقات شروع کی جائے گی۔